30 لاکھ روپے رشوت لیکر پلان منظور کرنے پر ایل ڈی اے کے 3 سینئر افسر گرفتار
لاہور (خبرنگار) اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے کرپشن کے الزام میں ایل ڈی اے کے تین سینئر افسران کو گرفتارکیا ہے۔ ان افسران نے ایک پارٹی سے غیر قانونی طور پر کمپلیشن سرٹیفکیٹ کے اجراء کے لئے 30 لاکھ روپے رشوت لی۔ اینٹی کرپشن لاہور ریجن اے نے سورس رپورٹ پر کاروائی کرتے ہوئے معاملہ کی تحقیقات کیں اور الزام ثابت ہونے پر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے ان کو گرفتار کر لیا۔ اینٹی کرپشن نے جن افسران کو گرفتارکیا ہے ان میں ایل ڈی اے کے ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ ونگ ii سلمان محفوظ، ڈپٹی ڈائریکٹر طیب علی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر عنایت اللہ اور کلرک اعجاز ستار شامل ہیں۔ ملزمان پر الزام ہے کہ انھوں نے 30 لاکھ روپے رشوت لیکر غیر قانونی طور پر پلان منظور کیا اور قومی خزانے کو تقریباً 8کروڑ 60لاکھ روپے کا نقصان پہنچایا۔ کلرک ایل ڈی اے اعجاز ستار نے رشوت کی رقم 30 لاکھ وصول کر کے ملزمان تک پہنچانے کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔بعد ازاں ملزمان نے اپنے جرم کو چھپانے کے لیے اصل فائل ریکارڈ سے غائب کی مگر اینٹی کرپشن ٹیم نے جدید خطوط پر انکوائری کے دوران آفس کے کمپیوٹر سے ڈیٹا حاصل کر کے ملزمان کی کرپشن بے نقاب کر دی۔