• news

 ڈی جی ٹریڈ آرگنائزیشن کی تمام تجارتی تنظیموں کو فوری الیکشن کرانے کی ہدایت


گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی) ڈی جی ٹریڈ آرگنائزیشن پاکستان کی طرف سے تمام تجارتی تنظیموں کو فوری الیکشن کرانے کی ہدایت‘ رجسٹرڈ تجارتی تنظیمیں الیکشن شیڈول تیار کرکے ڈی جی ٹی او کے دفتر بھجوائیں۔ تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ٹریڈ آرگنائزیشن کی جانب سے جاری کئے گئے سرکلر میں تمام رجسٹرڈ تجارتی تنظیموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ٹریڈ آرگنائزیشنز ایکٹ 2013 کے مطابق اپنے الیکشن کا انعقاد یقینی بنائیں اور سال 2023-24کے الیکشن کا انتخابی شیڈول تیار کرکے اسے ڈی جی ٹی او اسلام آباد کے دفتر بھجوائیں۔ سرکلر میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ڈی جی ٹی او آفس کے اس آرڈر پر عملدرآمد کیلئے اسے تمام رجسٹرڈ ٹریڈ آرگنائزیشنز کو بھیجیں۔ڈی جی ٹی او کے اس سرکلر سے گوجرانوالہ کے تجارتی حلقوں میں ہلچل مچ گئی ہے‘چیمبر آف کامرس میں برسراقتدار گروپ کی مشکلات میں اضافہ ہوسکتا ہے جبکہ اس سرکلر کے منظر عام پر آنے سے چیمبر کے اپوزیشن گروپوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ اس سلسلہ میں سیکرٹری چیمبر برہان احمد نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ انہیں ابھی تک یہ لیٹر موصول نہیں ہوا‘ ہفتہ اتوار کی چھٹی ہے لیٹر موصول ہونے کے بعد الیکشن کا فیصلہ کیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن