• news

ایک ماہ میں اسمبلی تحلیل‘ سیٹ ایڈجسٹمنٹ فیصلہ بعد میں ہو گا: خواجہ آصف


سیالکوٹ (نوائے وقت رپورٹ) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے الیکشن کے لیے تیاریوں کا آغاز ہو چکا ہے۔ ایک ماہ کے اندر اسمبلی اپنی مدت مکمل کر کے تحلیل ہو جائے گی۔ ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ محمد آصف نے کہا کہ پی ڈی ایم کے ساتھ مشترکہ یا سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد کیا جائے گا۔ وزیر دفاع کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ اسمبلیاں تحلیل ہونے کے بعد قوم کو 5 سال بعد اپنے ووٹ کا حق استعمال کرنے کا موقع ملے گا۔ وزیر دفاع نے کہا کہ مشکل حالات میں ہم نے حکومت سنبھالی، ہمارے پاس چوائس تھی کہ فوری حکومت سنبھالتے ہی اسمبلیاں تحلیل کر دیتے، اسمبلی ختم کر دیتے تو آئی ایم ایف اور دیگر امداد کا سلسہ رک جاتا اور ملک ڈیفالٹ کر جاتا، ایک ماہ کے اندر اسمبلی مدت پوری کر کے تحلیل ہو جائے گی۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ہزاروں ارب روپے کی بجلی، گیس اور ٹیکس چوری ہوتا ہے، یہ سلسلہ جاری رہا تو ملک معاشی طور پر دربدر ہوتا رہے گا۔ ایسے ایسے شہر ہیں جہاں 82 فیصد بجلی چوری ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی ملکی تاریخ کا سیاہ دن تھا۔ چیئرمین پی ٹی آئی کے غلط سیاسی فیصلوں کی وجہ سے اس کی حکومت گئی، اس نے ریاست کو للکارا، دیکھیں اس کے ٹارگٹ کیا تھے۔ اس شخص نے دفاع کے ضامن ادارے کو للکارا۔ خواجہ آصف نے مزید کہا کہ سیاست دانوں نے بےشمار غلطیاں کیں، اسٹیبلشمنٹ نے بھی غلطیاں کیں لیکن کسی پارٹی کا کوئی ورکر مفرور ہوتے نہیں دیکھا جس طرح ان کے لیڈران مفرور ہوئے۔ سیاسی ورکر عزت آبرو سے گرفتار ہوتا ہے تو اس کی چادر و چار دیواری کا تقدس بھی رہتا ہے۔
 خواجہ آصف

ای پیپر-دی نیشن