چین پی ٹی آئی کا اقتدار نہیں چاہتا تھا ، سابق اسٹیبلشمنٹ کو تجربہ سے روکا : احسن اقبال
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا ہے کہ چین پی ٹی آئی کا اقتدار نہیں چاہتا تھا۔ چین نے گزشتہ اسٹیبلشمنٹ کو کہنے کی کوشش کی تھی کہ پی ٹی آئی کو اقتدار میں لانے کا تجربہ نہ کیا جائے۔ چین نے خبردار کیا تھا کہ اس کا نقصان سی پیک اور پاکستان کو ہو گا۔ اس کے جواب میں اس وقت کی اسٹیبلشمنٹ نے یقین دلایا تھا کہ ہم سی پیک کو متاثر نہیں ہونے دیں گے۔ پی ٹی آئی نے سی پیک منصوبوں پر غیر ذمہ دارانہ الزامات لگائے اور فریز کئے رکھا۔ احسن اقبال نے کہا ہے کہ آج ایک ایک کردار بول رہا ہے کہ نواز شریف کو ایک سازش کے تحت نااہل کیا گیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا میں آج چین جا رہا ہوں۔ سی پیک کی 10 سالہ کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے مستقبل کے لائحہ عمل پر چینی قیادت سے بات چیت ہو گی۔ نواز شریف کے جتنے دشمن جنہوں نے 2017ءمیں غیرقانونی طور پر سازش کے ذریعے نااہل کیا‘ آج انہی کرداروں سے اللہ تعالیٰ نواز شریف کی بے گناہی کی گواہیاں دلوا رہے ہیں۔ نواز شریف کی نااہلی کے نتیجے میں جو سیاسی بے یقینی پیداہوئی‘ اس نے ترقی کے عمل کو تباہ کر دیا۔ نواز شریف سے جو زیادتی ہوئی‘ اس کا ازالہ ہونے کا وقت قریب ہے۔
احسن اقبال