سینئر امریکی سفارتکار آزادی اظہار‘ اقلیتوں کے حقوق پر بات کرنے بھارت جائیں گی
واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) سینئر امریکی سفارتکار آنے والے دنوں میں بھارت کا دورہ کریں گی۔ جہاں وہ سول سوسائٹی کے ساتھ آزادی اظہار رائے اور اقلیتوں کی پسماندگی کے بارے میں بات کریںگی۔ غیرملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے حالیہ دورہ امریکہ کے دوران ملک میں مذہبی اقلیتوں کے ساتھ بدسلوکی کی تردید کی تھی۔ رپورٹ کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ جمہوریت اور انسانی حقوق کیلئے امریکی انڈر سیکرٹری برائے ریاست عذرا زیا بھارتی حکومت کے عہدیداروں سے ملاقات کریں گی، جہاں وہ عالمی چیلنجز‘ جمہوریت‘ علاقائی استحکام اور انسانی امداد پر تعاون پر تبادلہ خیال کریں گی۔