• news

9 مئی ہائی پروفائل کیسز میں ضمانتیں منسوخ کیلئے اپیلیں دائر کرنے کا فیصلہ 

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں 9 مئی کے واقعات میں ملوث شرپسندوں کے خلاف قانونی کارروائیوں میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ ہائی پروفائل کیسز میں ضمانت پر رہا ہونے والوں کی ضمانتیں منسوخ کرانے کیلئے اپیلیں دائر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ محسن نقوی نے جلاو¿ گھیراو¿ اور توڑ پھوڑ میں ملوث 171 شرپسندوں کی شناخت نہ ہونے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے شناخت کا عمل جلد از جلد مکمل کرنے کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ تمام شرپسندوں کے خلاف کیسز کو پیشہ ورانہ طریقے سے آگے بڑھایا جائے اور مفرور شرپسندوں کا تعاقب جاری رکھا جائے۔ وزیراعلیٰ نے مفرور مرکزی شرپسندوں کو جلد قانون کی گرفت میں لانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ٹیکنیکل کے ساتھ ہیومن انٹیلی جنس کے ذریعے مفروروں تک پہنچا جائے۔ پراسیکیوشن کے عمل کو مزید موثر بنایا جائے۔ مفرور شرپسند جتنا مرضی چھپ لیں، ان تک پہنچیں گے۔ 9مئی کو فوجی تنصیبات پر حملہ کر کے ملک کی اساس پر حملہ کیا گیا۔ حملے، جلاﺅ و گھیراو¿، لوٹ مار اورتوڑ پھوڑ باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت کی گئی۔ شرپسندوں نے جو گھناو¿نا کھیل کھیلا وہ ناقابل معافی جرم ہے۔ سیاست کی آڑ میں دہشت گردی کی گئی۔ دہشت گردی کے ان کیسز کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ علاوہ ازیں سپیشل پروٹیکشن یونٹ کے افسر اور اہلکار چینی زبان سیکھیں گے۔ پنجاب یونیورسٹی کے الرازی ہال میں سپیشل پروٹیکشن یونٹ کے افسروں اور عملے کیلئے چینی زبان کے کورس کے آغاز کی تقریب میں محسن نقوی اور چین کے قونصل جنرل زاو¿ شیرین مہمان خصوصی تھے۔ ایس پی یو کے افسروں اور اہلکاروں کیلئے چینی زبان کا کورس 16 ستمبر تک جاری رہے گا۔ محسن نقوی نے سپیشل پروٹیکشن یونٹ کے افسروں اور عملے کیلئے چینی زبان سکھانے کا پروگرام شروع کرنے پر چین کے قونصل جنرل کا شکریہ ادا کیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ چینی زبان اب ایک بین الاقوامی لینگوئج بن چکی ہے۔ چینی لینگوئج سیکھنے سے سپیشل پروٹیکشن یونٹ کے عملے کو چینی بھائیوں سے بات چیت میں آسانی ہو گی۔ چینی قونصل جنرل زاو¿ شیرین نے کہا کہ محسن نقوی کی خواہش پر چینی قونصلیٹ نے پنجاب حکومت کے تعاون سے یہ پروگرام شروع کیا ہے۔ عوامی خدمات سے بہت متاثر ہوں۔ دو طرفہ تعلقات میں اضافے کیلئے بھی وزیراعلیٰ محسن نقوی مثالی اقدامات کر رہے ہیں۔ محسن نقوی سے معروف انٹرنیشنل ٹیکسٹائل برانڈ پریمارک کے وفد نے ملاقات کی جس میں ٹیکسٹائل ایکسپورٹ بڑھانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ معروف صنعتکار و اپٹما کے گروپ لیڈر گوہر اعجازنے پنجاب میں کاٹن کی پیداوار میں اضافے کیلئے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ محسن نقوی نے بارش میں لاہور شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ کلمہ چوک انڈر پاس، گارڈن ٹاو¿ن، گلبرگ، لبرٹی، جیل روڈ، مزنگ، قرطبہ چوک، شاہراہ فاطمہ جناح اور لارنس روڈ کا معائنہ کیا اور نکاسی آب کا جائزہ لیا۔ محسن نقوی نے شہر میں نکاسی آب کے کام پر اطمینان کا اظہار کیا۔ نگران وزیراعلیٰ نے سرگودھا کی تحصیل بھلوال میں مسافر وین میں آتشزدگی سے قیمتی انسانی جانو ں کے ضیاع پردکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن