عبدالستار ایدھی نے فلاحی اقدامات ، چیریٹی کی نئی بنیاد رکھی:عبدالعلیم خان
لاہور(نیوز رپورٹر) استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ انسانیت کی بلا تفریق خدمت اور مشکلات میں گھرے لوگوں کے کام آنا ہمیشہ عبدالستار ایدھی سے سیکھا جائے گا جنہوں نے اس خطے میں فلاحی اقدامات اور چیریٹی کے کاموں کی نئی بنیاد رکھی۔صرف پاکستان ہی نہیں دنیا بھر میں ایدھی کی خدمات نا قابل فراموش ہیں۔ جن کی دکھی اور بے سہارا لوگوں کی خدمت مستقل تحریک کی شکل اختیار کر گئی۔ عبدالعلیم خان نے عبدالستار ایدھی کی ساتویں برسی پر اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ اپنی لازوال خدمات اور مسلسل جدوجہد کے باعث ایدھی صاحب آج بھی لوگوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔ وہ خود چلے گئے لیکن ان کا نیٹ ورک اور ادارے آج بھی انسانیت کی خدمت جاری رکھے ہوئے ہیں۔ عبدالستار ایدھی انسانیت کیلئے مسیحا اور خدمت کی زندہ اور روشن مثال ہیں اور ا±ن کے جلائے ہوئے اس چراغ سے ہمیشہ رہنمائی حاصل کی جاتی رہے گی۔دریں اثناءصدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے سرگودھا میں مسافر بس کے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے جاں بحق افراد کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔ بد قسمتی سے ہماری سڑکیں دن بدن غیر محفوظ ہوتی جا رہی ہیں، قوانین و ضوابط کا پاس نہیں کیا جاتا جس کے باعث مسافر عدم تحفظ کا شکار ہوتے ہیں اور ان کی جانیں داو¿ پر لگ جاتی ہیں۔