• news

چیئرمین این ڈی ایم اے سے سوئس وزیرخارجہ کی ملاقات ، موسمیاتی آفات میں تعاون پر تبادلہ خیال 


اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک سے سوئٹزرلینڈکے وزیرخارجہ اگنازیو کاسس نے ملاقات کی ہے ، ملاقات میں آفات کے شعبہ سے متعلقہ امور زیر بحث آئے۔این ڈی ایم اے کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سوئس وزیر خارجہ نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا ، ملاقات میں آفات سے نمٹنے کی تیاری کے مختلف پہلوو¿ں اور دونوں ممالک کے درمیان ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے شعبے میں تعاون پرزور دیا گیا، چیئرمین این ڈی ایم اے نے آفات سے نمٹنے کے لیے مقامی آبادی کی شمولیت کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے گزشتہ سال آنیوالے سیلاب جیسی آفات کے منفی اثرات کو کم کرنے کے لیے پیشگی آگاہی کے موثرنظام کی اہمیت کوبھی اجاگرکیا۔چئیرمین این ڈی ایم اے نے سوئس وفد کو پاکستان میں آفات سے نمٹنے کی تیاری کے حوالے سے فرضی مشقوں کے انعقاد اور دیگر منصوبوں اور اقدامات سے آگاہ کیا، انہوں نے آفات کے ممکنہ اثرات کو کم کرنے کے لیے تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے لیے نیشنل کامن آپریٹنگ پکچر تیار کرنے کے حوالے سے این ای اوسی کے قیام کے بارے میں بھی بتایا اور این ڈی ایم اے کے تھنک ٹینک این آئی ڈی ایم کے قیام کے لیے کے حوالے سے بھی تفصیلات سے آگاہ کیا۔چیئرمین نے ملکی اور عالمی سطح پر موثر پالیسی سفارشات تیار کرنے اور آفات کے خطرے کو کم کرنے کے لیے تحقیقی شعبے کے اشتراک اور صلاحیتی دائرہ کار کو بڑھانے کے لیے علاقائی یونیورسٹیوں کی معاونت حاصل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔سوئس وفاقی وزیر برائے خارجہ امور نے سوئٹزرلینڈ اور پاکستان کے درمیان ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے معاہدے پر شکریہ ادا کیا۔انہوں نے دونوں ممالک کو درپیش مسائل میں مماثلت کو اجاگر کرتے ہوئے آفات سے نمٹنے کے مسائل اور رسک مینجمنٹ سے نمٹنے کے لیے تکنیکی اصولوں کی اہمیت پر زور دیا۔وزیرخارجہ نے پاکستان میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ میں ہونے والی ترقی اور کامیابیوں کو سراہا اور معاہد ہ کی بنیاد پر مستقبل میں تعاون کی امید ظاہر کی۔ملاقات کا اختتام ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے مل کر کام کرنے کے معاہدے کے ساتھ ہوا۔
سوئس وزیرخارجہ

ای پیپر-دی نیشن