• news

بھارت پاکستان نہیں آتا تو ورلڈکپ کیلئے ہائبرڈ ماڈل کا مطالبہ کرینگے : احسان اللہ مزاری 


لاہور(سپورٹس رپورٹر)بھارت میں شیڈول آئی سی سی ورلڈکپ 2023 ءمیں ایک بار پھر پاکستان کی شمولیت پر غیر یقینی کے سائے منڈلانے لگے۔وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ احسان مزاری نے بھارتی کرکٹ بورڈ کو سخت وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایشیاکپ کی طرح اپنائے گئے ہائبرڈ ماڈل کے تحت پاکستان کو بھی غیر جانبدار مقام کی درخواست کرنے کا حق حاصل ہے۔انہوں نے بی سی سی آئی پر تنقید کے نشتر چلاتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ میری وزارت کے ماتحت آتا ہے، اگر بھارت اپنے ایشیاکپ کے میچز کسی غیر جانبدار مقام پر کھیلنے کا مطالبہ کرتا ہے، تو ہم بھارت میں ہونےوالے ورلڈکپ کےلئے بھی یہی مطالبہ کریں گے۔ پاکستان ایشیاکپ کے میزبان ہے اور تمام میچز کروانے کا حق رکھتا ہے، کرکٹ کے شائقین یہی چاہتے ہیں کہ ہمیں ہائبرڈ ماڈل منظور نہیں۔بھارت کی جانب سے پاکستان کا سفر کرنے سے انکار کے بعد ایشیا کپ 2023 ءایک ہائبرڈ ماڈل کے تحت کھیلا جائےگا جبکہ پاکستان اور سری لنکا اس ٹورنامنٹ کی مشترکہ میزبانی ہوں گے، بھارت کے میچ سری لنکا میں شیڈول رکھے گئے ہیں جبکہ پاکستان صرف 4 میچون کی میزبانی کرےگا۔واضح رہے کہ احسان مزاری اس کمیٹی کے رکن ہیں جو وزیراعظم شہباز شریف نے بھارت کی میزبانی میں ہونےوالے ورلڈکپ میں پاکستان کی شرکت پر غور کرنے کیلئے قائم کی گئی ہے۔کمیٹی کے سربراہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری جبکہ دیگر ارکان وفاقی وزیر رانا ثنا اللہ، اعظم تارڑ، احسان مزاری، مریم اورنگزیب، اسعد محمود، امین الحق، قمر زمان کائرہ، طارق فاطمی شامل ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن