• news

امہ کے لیڈر مقدسات کی توہین کیخلاف عالمی قانون بنوائیں: عبدالخبیر آزاد

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے  علماء و مشائخ نے کہا ہے کہ مسلم امہ کے تمام لیڈر مل کر مقدسات کی توہین کے خلاف عالمی قانون بنوائیں، تمام انبیاء کرام کی تکریم ہمارے ایمان کا حصہ ہے، علماء وحدت کا پیغام دے رہے ہیں، اگر توہین نہ روکی گئی تو جنگ کا باعث بن سکتی ہے۔ سویڈن جیسے واقعات کی روک تھام کیلئے ملکر کام کرنا ہوگا۔ مسلمانوں کے درمیان اتحاد و وحدت پیدا کرنے کیلئے قرآن پر ایک ہو جائیں اور ایک دوسرے کو برداشت کرنا ہوگا، مسلمانوں میں فساد پھیلائے والے دشمن کے آلہ کار ہیں۔ حضور کے متشکل اور مجسم ہدایت کے تسلسل کی ضرورت اعلان غدیر سے پوری ہوئی۔ غدیر عقیدہ ختم نبوت کی سب سے ٹھوس دلیل ہے، اس کے بعد نبوت کا سلسلہ ختم ہوا ہے ہدایت کا نہیں۔ حدیث غدیر متواتر ہے، اورمتفقہ ہے۔ اس کانفرنس سے اتحاد امت کا پیغام دیا گیا۔ جو قیامت کے دن راہ نجات ہوگی۔ غدیر اعلانِ وحدت، فیصلہ نبوت  اور بقائے امت و دین کی ضمانت ہے۔ شرکاء نے ان خیالات کا اظہار غدیر اور وحدت امت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا ہے کہ وحدت اور اتحاد کی بات امت کی بقا کی ضامن ہے۔ خم غدیر میں حضور اکرم نے ختم نبوت کا اعلان اور مولا علی کی ولایت کا اعلان کیا۔ سویڈن واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہیں، مسلم امہ کے تمام لیڈر مل کر مقدسات کی توہین کے خلاف عالمی قانون بنوائیں۔ اس موقع پر افتخار عارف، معروف شاعر و دانشور نے بھی غدیر کی مناسبت سے کلام سنایا۔

ای پیپر-دی نیشن