نوازشریف کی واپسی پر الیکشن کا بگل بج جائے گا‘ (ن) لیگ جیتے گی: عطاء تارڑ
گوجرنوالہ‘ سوہدرہ (نامہ نگار‘ این این آئی) عطاء تارڑ نے کہا ہم نے عمران نیازی کے دور میں تمام مقدمات کا سامنا کیا۔ اور ہمیں ہر ہر طرح سے ہراساں کر کے جھوٹے مقدمات بنائے گئے۔ آج میں مسلم لیگ کے کارکنوں میاں مدثر نذیر اور احسن نذیرکو سلام پیش کرتا ہوں جن پر قتل کے جھوٹے مقدمات بنائے گئے اور اللہ تعالی نے ان کو قتل کے مقدمے سے بری کر دیا۔ ان کی جرات اور دلیری قابل تعریف ہے اور انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے مشکل حالات میں ڈٹ کر منقابلہ کیا۔ ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میاں نواز شریف کی وطن واپسی پر الیکشن کا بگل بج جائے گا۔ بہت جلد میاں نواز شریف پاکستان میں ہوں گے۔اور مسلم لیگ بھاری اکثریت سے الیکشن جیتے گی۔ ملک کومعاشی مسائل سے نکالنے کے لئے آئی ایم ایف سے معاہدہ کامیاب رہا جس کے نتائج فوری سامنے آئے اور ڈالر کی قیمت کم ہونے پر پاکستانی کرنسی مستحکم ہوئی۔ اور معیشت سنبھل گئی۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم کے معاون خصوصی چوہدری عطاء اللہ تارڑ نے مسلم لیگ ن کے ضلعی سیکرٹری اطلاعات و نشریات میاں مدثر نذیر کی رہائش گاہ سوہدرہ آمد کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پیپلز پارٹی سے ہمارے اچھے تعلقات ہیں اور الیکشن کے موقع پر حالات اور موقع کی مناسبت سے سیٹ ایڈجسمنٹ ہو سکتی ہے۔ چوہدری مستنصر علی گوندل ایڈووکیٹ کے ہمراہ مسلم لیگ ن کویت کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل مہر توقیر عباس کے گھر تعزیت کے لیئے گئے جہاں انہوں نے ان کے چچا و سابق کونسلر مہر محمد یونس بابر کے بھائی مہر ادریس کی وفات پر اظہار تعزیت کے بعد مرحوم کے لئے دعائے مغفرت اور دیگر لواحقین سے گہری ہمدردی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر سابق ایم پی اے بلال فاروق تارڑ، سابق چیئرمین بلدیہ وزیر آباد بابو شعیب ادریس، سابق صدر بار بشارت علی سندھو، چیئرمین پریس کلب سوہدرہ حاجی نجیب اللہ ملک، مہر جاوید اقبال، افتخار احمد آرائیںکے علاوہ دیگر بھی موجود تھے۔ کھیل کے سیاست میں مکس ہونے کی وجہ سے چیئرمین پی ٹی آئی نے ملک کی تباہی کی۔ ایک انٹرویو میں عطاء تارڑ نے کہا کہ کھیل اور سیاست دو مختلف چیزیں ہیں۔ فٹبال ٹیم کی طرح کرکٹ ٹیم کو بھی ورلڈکپ میچ کھیلنے بھارت جانا چاہئے۔ بابر اعظم ویرات کوہلی سے بڑا پلیئر ہے۔ آئی ایم ایف کا یہ حق ہے کہ وہ تمام سیاسی جماعتوں سے ملے۔