پولیس نے 4سالہ مغوی بچے کو بازیاب کرکے والدین کے حوالے کردیا
لاہور(نامہ نگار)ڈی آئی جی آپریشنز لاہور سید علی ناصر رضوی نے کہا ہے کہ لاہور پولیس نے آراے بازار سے اغوا ہونے والے 4سالہ بچے یوسف کو باحفاظت بازیاب کروا کر اس کے والدین کے حوالے کر دیاہے۔ ایس پی کینٹ کی سربراہی میں بچے کی بازیابی کےلئے 28 ٹیمیں تشکیل دی گئیں تھیں۔ ناصر علی رضوی نے گزشتہ شام پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ اغواءکار خاتون کی تصاویر حاصل کر لی گئی ہے۔تفتیش میں مصروف ٹیموں نے مغوی بچے کے رشتہ داروں سمیت 50سے زائد لوگوں سے تفتیش کی،کارروائیوں کے دوران 6مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا اور 11 گینگز سے بھی تفتیش کی گئی۔ مقدمہ کی مختلف زاویوں سے تفتیش کی گئی اور جدید ٹیکنالوجی سے بھی استفادہ حاصل کیا گیا۔5مقامات پر جیو فینسگ، 837 سیف سٹی کے علاوہ سی سی ٹی وی کیمروں کی ڈی وی آر چیک کی گئیں۔اغواءکار اور بچے کاجائے وقوعہ سے لے کر چمڑہ منڈی تک کا ٹریک ٹریس کیا گیا۔سیف سٹی کیمروں، فیشل ریکوگنیشن سسٹم کی مدد سے تفتیش کی گئی اور اسی کےساتھ ساتھ ملزمان کی شناخت کیلئے نادرا اور ایکسائز کے محکموں سے بھی مدد لی گئی۔لاہور پولیس کی تفتیش انہیں پنڈی تک لے گئی، جہاں سے جدید ذرائع تفتیش کا استعمال کرتے ہوئے بچے کو بازیاب کروایا گیا۔ہوٹلوں، درباروں، رکشہ سٹینڈز، بس اڈوں، ریلوے سٹیشنز، پناہ گاہوں، ہسپتالوں میں ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے تفتیش میں خاطر خواہ کامیابی حاصل ہوئی۔لاہور پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے اغواءکاروں کو ان کے کیفر کردار تک پہنچایا۔