سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی قابل مذمت ہے:محب الدین رضوی
گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی )ڈویژنل امیر گوجرانوالہ مفتی محب الدین رضوی، ڈویژنل ناظم اعلیٰ حاجی ذوالفقار احمد، ضلعی امیر چودھری نصیر احمد ججہ، ضلعی ناظم اعلیٰ علامہ یعقوب رضوی نے کہا ہے کہ سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی قابل مذمت ہے ۔ دنیا بھر میں کسی بھی مذہب کیخلاف گستاخی کی سزا موت ہے ۔ ماضی میں ڈنمارک، ہالینڈ اور بھارتی گستاخوں کو سزا ملی ہوتی تو آج سویڈن کی یہ جرات نہ ہوتی، سویڈن حکومت کی سرپرستی کے بغیر ایسا گھناﺅنا فعل ناممکن اور سمجھ سے بالاتر ہے کہ جان بوجھ کر اسلام کی توہین کروڑوں مسلمانوں کی دل آزاری بہت بڑی سازش کا شاخسانہ ہے۔ اس سازش کے تحت اشتعال دلایا جا رہا ہے تاکہ دنیا میں حالات خراب ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز قرآن پاک کی حرمت کےلئے قرآن خوانی کرنیوالے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈویژنل لیگل ایڈوائزر چودھری عبدالقادر گل ایڈووکیٹ ہائیکورٹ، ضلعی لیگل ایڈوائزر کامران اولکھ ایڈووکیٹ، ضلعی ناظم نشرواشاعت احمد رضا رضوی، ناظم مالیات محمد عاصم مصطفائی، ناظم الیکشن سیل ملک عرفان، ضلعی سکیورٹی انچارج عطاءالمصطفیٰ جمیل سمیت دیگر رہنمابھی موجود تھے۔