• news

ون ڈے کرکٹ کے فروغ کیلئے ٹھوس اقدامات کرنا ہونگے : چیئرمین آئی سی سی

لاہور(سپورٹس ڈیسک) چھوٹی ٹیموں کی کارکردگی نے ورلڈکپ سپر لیگ کی افادیت کا احساس دلادیا۔گزشتہ سائیکل میں تمام ٹیموں کو 3میچز کی 8ون ڈے سیریز کھیلنے کا پابند کیا گیا تھا جس کی وجہ سے بڑی ٹیموں کیساتھ کھیل کر نیدرلینڈز اور سکاٹ لینڈ جیسے ملکوں کے کرکٹرز کو بھی صلاحیتیں نکھارنے کا موقع ملا، مگر 2023ء سے 2027ء تک کی سائیکل میں لیگ کو ختم کرتے ہوئے آئندہ ورلڈکپ میں ٹیموں کی شرکت رینکنگ کی بنیاد پر ممکن بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ایسوسی ایٹس کو بہت کم ون ڈے میچز کھیلنے کے مواقع ملیں گے۔ورلڈکپ کوالیفائرز میں نیدرلینڈز اور سکاٹ لینڈ کی کارکردگی نے آئی سی سی کو بھی ورلڈکپ سپر لیگ کی افادیت کے بارے میں سوچنے پر مجبور کردیا ہے۔چیئرمین آئی سی سی گریگ بارکلے نے ہرارے میں کہا کہ ہمیں ون ڈے کرکٹ کو فروغ دینے کا سلسلہ جاری رکھنے کیلئے ٹھوس اقدامات کے بارے میں سوچنا ہوگا، باہمی کرکٹ سیریز کے شیڈول میں ایسوسی ایٹ ٹیمیں نظر انداز ہوسکتی ہیں،اس میں کوئی شک نہیں کہ ورلڈکپ سپر لیگ نے کئی چھوٹی ٹیموں کو کھیل کا معیار بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے، اس کا ایک مظاہرہ ورلڈکپ کوالیفائرز میں دیکھنے میں آیا۔انھوں نے امید ظاہر کی کہ رواں ماہ بھارت میں شیڈول ون ڈے ورلڈ کپ میں شریک ٹیمیں عمدہ کھیل پیش کریں گی۔

ای پیپر-دی نیشن