• news

6 غیرملکی کوچزآج سے 120 کرکٹرز کی کوچنگ کریں گے

لاہور(سپورٹس رپورٹر)اینگرو کرکٹ کوچنگ پروجیکٹ آج سے شروع ہوگا،6 غیرملکی کوچز 120 کھلاڑیوں کی کوچنگ کریں گے،چھ غیرملکی کوچز جن میں تین سابق ٹیسٹ کرکٹرز بھی شامل ہیں آئندہ ہفتے پاکستان کرکٹ بورڈ کے تحت ہونے والے اینگرو کرکٹ کوچنگ پروجیکٹ کے پاتھ وے کرکٹ پروگرام میں کوچنگ کریں گے،یہ دوسرا سال ہے کہ اینگرو کرکٹ کوچنگ پروجیکٹ منعقد ہوگا۔انڈر 13سے انڈر19 تک کے ایج گروپ میں تقریباً 120  کھلاڑیوں کو اس پاتھ وے کرکٹ پروگرام کے تحت ٹریننگ دی جائیگی جو 10جولائی سے 10 اگست تک لاہور اور مرید کے میں منعقد ہوگا۔ کوچز میں آسٹریلیا کے جیف لاسن، نیوزی لینڈ کے سکاٹ مک لارن، جنوبی افریقہ کے ہرشل گبز برطانیہ کے گورڈن پارسنز، جولین فاؤنٹین اور زمبابوے کے ٹاٹنڈا ٹائبو شامل ہیں۔ایک وقت میں پانچ کوچز  پروجیکٹ میں موجود ہونگے۔ہرشل گبز انڈر13 اور انڈر 16 کے کھلاڑیوں کیساتھ کام کریں گے اور وہ 16 جولائی کو واپس چلے جائیں گے۔جیف لاسن 22 جولائی کو پہنچیں گے اور وہ دو روز انڈر 16 کیساتھ کام کرنے کے بعد انڈر 19 کے کھلاڑیوں کیساتھ کام کریں گے۔انگلینڈ میں پیدا ہونیوالے گورڈن پارسنز پچھلے سال پاکستانی انڈر 19 ٹیم کے بنگلہ دیش ٹیم کے دورے کے دوران بائولنگ کوچ بھی رہ چکے ہیں۔وہ اس مرتبہ بھی اس پروگرام میں بائولنگ کوچ ہونگے ۔ جولین فاؤنٹین فیلڈنگ کوچ ہونگے۔انڈر13 میں 25کھلاڑی منتخب ہوئے ہیں جنہیں 13 سے 25 جولائی تک نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ٹریننگ دی جائیگی۔انڈر16  میں 37 کھلاڑی مرید کے کنٹری کلب میں 10سے 25 جولائی تک حصہ لیں گے،ان لڑکوں میں یکم ستمبر 2007 یا اس کے بعد پیدا ہونے والے لڑکے شامل ہیں۔انہیں انٹرریجن انڈر 16 ون ڈے ٹورنامنٹ کی پرفارمنس پر سلیکٹ کیا گیا ہے۔جو لڑکے اس ٹورنامنٹ میں پرفارم کرنے کے بعد اوورایج ہوگئے انہیں انڈر 19 میں منتقل کردیا گیا ہے۔انڈر 19 میں 58 کے لگ بھگ کھلاڑی دو گروپ میں لاہور اور مرید کے میں 26 جولائی سے 10 اگست تک کام کریں گے جن کی پیدائش یکم ستمبر 2004 ء کی ہے ان کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان بعد میں کیا جائیگا۔

ای پیپر-دی نیشن