• news

قومی کرکٹ ٹیم کا سری لنکا پہنچنے پر شاندار استقبال، رقص کا مظاہرہ

لاہور(سپورٹس رپورٹر)قومی کرکٹ ٹیم سری لنکا پہنچ گئی۔گرین شرٹس کا کولمبو پہنچنے پر شاندار اسقبال کیا گیا، کولمبو ایئرپورٹ پر ڈھول کی تھاپ پر رقص اور کھلاڑیوں کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے۔ سری لنکا کے خلاف دو میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کھیلنے کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کے کولمبو پہنچتے ہی پرجوش استقبال کی ویڈیو سامنے آگئی۔وائرل ویڈیو میں ڈھول کی تھاپ پر رقص اور کرتب کے ساتھ قومی ٹیم کا استقبال دیکھا جاسکتا ہے۔رقص اور کرتب دکھانے والے افراد نے مخصوص لباس زیب تن کیا ہوا ہے۔سری لنکا کے خلاف دو میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے قومی کرکٹ ٹیم اتوار کی شب جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے دبئی کے راستے کولمبو پہنچی، ویزا نہ ملنے کے سبب بائولنگ کوچ مورنے مورکل دبئی میں قومی ٹیم کو جوائن کیا۔آئی سی سی سی ٹیسٹ چیمپئین شپ کی پہلی آزمائش میں شرکت کیلئے سری لنکا پہنچنے والی قومی ٹیم سیریز سے قبل 11 اور 12 جولائی کو دو روزہ وارم اپ میچ کھیلے گی۔پہلا ٹیسٹ گال انٹرنیشنل سٹیڈیم میں 16 سے 20 جولائی تک کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا ٹیسٹ کولمبو کے سنہالیز سپورٹس کلب میں 24 سے 28جولائی تک شیڈول ہے۔دورہ سری لنکا میں مقامی مشکل کنڈیشنز کے چیلنج کا سامنا کرنے کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم بابراعظم ( کپتان )، محمد رضوان ( وکٹ کیپر اور نائب کپتان )‘ عامر جمال، عبداللہ شفیق، ابرار احمد ،حسن علی، امام الحق، محمد حریرہ، محمد نواز، نسیم شاہ،نعمان علی، سلمان علی آغا،سرفراز احمد، سعود شکیل، شاہین آفریدی اور شان مسعود پر مشتمل ہے۔ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر کی زیر نگرانی سپورٹنگ سٹاف میں گرانٹ بریڈ برن ہیڈ کوچ، اینڈریو پیوٹک بیٹنگ کوچ،مورنے مورکل بائولنگ کوچ،آفتاب خان فیلڈنگ کوچ، عبدالرحمان اسسٹنٹ کوچ، ڈریک سائمن سٹرنتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ، کلف ڈیکون فزیو تھراپسٹ، طلحہ اعجاز انالسٹ، ملنگ علی مساجر، لیفٹیننٹ کرنل(ر) اعجاز انوری سکیورٹی منیجر اور ریحان الحق ٹیم منیجر کی ذمہ داری ادا کریں گے۔واضح رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان اب تک  57 ٹیسٹ میچز کھیلے جا چکے ہیں جن میں سے 21 میں پاکستان کو فتح نصیب ہوئی، 17 مقابلوں میں سری  لنکا کو کامیابی ملی جبکہ  19 میچز ہار جیت کے فیصلے بغیر ختم ہوئے۔

ای پیپر-دی نیشن