پنجاب میںفوری بلدیاتی انتخابات نہیں ہوسکتے ، اسلام آباد کا شیڈول دینے پر تیار : الیکشن کمشن
اسلا م آباد (خصوصی نامہ نگار) الیکشن کمشن میں اہم اجلاس میں بریف کیا گیا کہ معزز عدالت عالیہ اسلام آباد کے حکم کی روشنی میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد اور شیڈول دینے کے لئے الیکشن کمشن مکمل طور پر تیار ہے۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمشن کا اہم اجلاس چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں معزز ممبران الیکشن کمشن کے علاوہ سپیشل سیکرٹری اور دیگر سینئر افسروں نے شرکت کی۔ البتہ مورخہ 22 جون 2023 کی میٹنگ کے دوران وزارت داخلہ کے نمائندگان نے مخصوص نشستوں کی تعداد کے نوٹیفکیشن اور امیدواروں کے لئے انتخابی اخراجات کی حد کے لئے رولز بنانے کے لئے انکی درخواست پر الیکشن کمیشن نے ان کو مذکورہ بالا دستاویزات مہیا کرنے کی ہدایت کی۔ مگر تاحال وزارت داخلہ کی طرف سے جواب موصول نہیں ہوا۔ اس پر الیکشن کمیشن نے حکم دیا کہ آج ہی وزارت داخلہ کو تحریر کیا جائے کہ وہ 12 جولائی تک مخصوص نشستوں کی تعداد کا نوٹیفکیشن اور امیدواروں کے لئے انتخابی اخراجات کی حد کے رولز ہر صورت الیکشن کمیشن کو مہیا کریں تاکہ الیکشن کمیشن وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کرے۔ الیکشن کمشن کا کہنا ہے کہ پنجاب کے بلدیاتی انتخابات فوری نہیں ہو سکتے۔ اجلاس میں الیکشن کمشن حکام نے اس بات پر اتفاق کیا کہ بلدیاتی انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا استعمال نہیں ہو سکتا۔ آئی ووٹنگ کی سہولت بھی فراہم نہیں کی جا سکتی۔ بریف کرتے ہوئے بتایا گیا کہ پنجاب میں انتخابی گروپوں کی رجسٹریشن کا عمل مورخہ 17 جولائی کو مکمل ہو جائے گااور الیکشن کمشن نے صوبہ میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لئے تمام انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔ مگر پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2022 کے سیکشن 47(1) کے تحت لوکل گورنمنٹ انتخابات کا انعقاد ای وی ایم (EVM) پر ہوگا اور ووٹروں کو آئی ووٹنگ (I-Voting) کی سہولت بھی میسر ہوگی۔ اس سلسلے میں الیکشن کمیشن نے متعدد بار صوبائی حکومت کو تحریر کیا ہے کہ لوکل گورنمنٹ انتخابات کے دوران EVM کا استعمال ممکن نہیں اور I-Voting کی سہولت بھی فراہم نہیں کی جا سکتی۔ صوبائی حکومت پنجاب نے اس سلسلے میں لوکل گورنمنٹ کے رولز 35(4) میں ضروری ترمیم کردی ہے اور ووٹنگ کا طریقہ کار بھی الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت مہیا کر دیا ہے لیکن لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترمیم ضروری ہے ۔ تاکہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ اور رولز ایک دوسرے سے متصادم نہ ہوں۔ فوری طور پر صوبائی حکومت پنجاب کو تحریر کیا جائے کہ الیکشن ایکٹ 2017کی دفعات 103اور 94 میں وفاقی گورنمنٹ کی طرف سےEVM اور I-Voting سے متعلق ترامیم کو مد نظر رکھتے ہوئے لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2022 اور رولز میں ضروری ترمیم کرے۔ تاکہ صوبہ میں الیکشن کا فوری انعقاد یقینی بنایا جائے۔
الیکشن کمشن