سیالکوٹ میں 500 کے وی گرڈ سٹیشن کی تعمیر: 736 کنال زمین لے لی گئی
لاہور (نےوز رپورٹر) نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی نے سیالکوٹ میں 500 کے وی گرڈ سٹیشن کی تعمیر کے لیے736 کنال 13 مرلے زمین حاصل کر لی ہے جو تحصیل ڈسکہ میں واقع ہے۔ لینڈ ایکوزیشن ایکٹ 1894 کی دفعہ 11 کے تحت اراضی کا ایوارڈ گزشتہ روز لینڈ ایکوزیشن کلیکٹر این ٹی ڈی سی نے جاری کیا۔ زمین کے حصول کا عمل 337.4 ملین روپے کی لاگت سے مکمل ہوا۔ یہ اہم منصوبہ 500/220 کے وی، 750 ایم وی اے کے دو آٹو ٹرانسفارمرز اور 220/132 کے وی، 250 ایم وی اے کے تین آٹو ٹرانسفارمرز پر مشتمل ہوگا جسے 500 کے وی کی ایک اور 220 کے وی کی دو ٹرانسمیشن لائنز کے ذریعے نیشنل گرڈ سے منسلک کیا جائے گا۔ منصوبے پر 31.82 ارب روپے لاگت آئے گی اور اس کا پی سی ون پہلے ہی منظور ہو چکا ہے۔ پراجیکٹ کے لیے فنڈنگ فرانسیسی ترقیاتی ایجنسی اے ایف ڈی کرے گی۔ منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی انجینئر ڈاکٹر رانا عبدالجبار خان کی سربراہی میں پراجیکٹ ٹیم، جنرل منیجر (پراجیکٹ ڈیلیوری) نارتھ، چیف انجینئر (EHV-I) نارتھ، پراجیکٹ ڈائریکٹر (EHV-I) نارتھ اور ڈائریکٹر جنرل (لینڈ) کی انتھک محنت سے اس سنگ میل کا حصول ممکن ہوا۔ اس منصوبے کا مقصد وولٹیج پروفائل کو بہتر بنانا، لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ اور شمالی علاقوں میں قائم سستے پن بجلی گھروں سے مستقبل میں پنجاب کے لوڈ سنٹرز تک بجلی کی ترسیل میں سہولت فراہم کرنا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ منصوبہ 220 کے وی اور 132 کے وی سسٹم پر لوڈ کو کم کرنے اور گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی کی بجلی فراہمی کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔ اس منصوبے کے ذریعے این ٹی ڈی سی کا مقصد بجلی کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنا اور پورے پاکستان میں صنعتوں، کاروبار اور گھریلو صارفین کو قابل اعتماد بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی نے اس اہم سنگ میل تک پہنچنے کیلئے منصوبے کی پوری ٹیم کی کاوشوں کو سراہا ہے۔
گرڈ سٹیشن