• news

عدالتیں ناکام‘ عوام ووٹ سے لٹیروں‘ ظالموں کا احتساب کریں: سراج الحق


لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف معاہدہ قوم کے سامنے لایا جائے۔ 13سیاسی جماعتیں مل کر معیشت ٹھیک کر سکیں نہ ان سے مہنگائی اور بے روزگاری کم ہوئی۔ اتحادیوں کی 15ماہ کی کارکردگی زیرو ہے، جن وعدوں اور دعووں پر پی ڈی ایم، پیپلز پارٹی نے مرکز میں حکومت بنائی ایک پر بھی عمل درآمد نہیں ہوا۔ عوام اسی طرح بے یارومددگار ہیں جیسے سابقہ ادوار میں تھے۔ حقیقی تبدیلی کا واحد آپشن جماعت اسلامی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اوکاڑہ سے آئے مختلف سیاسی جماعتوں کے مقامی رہنما¶ں اور کارکنوں کی منصورہ میں جماعت اسلامی میں شمولیت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیرالعظیم، امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی جاوید قصوری اور امیر ضلع اوکاڑہ ڈاکٹر بابر رشید بھی اس موقع پر موجود تھے۔ امیر جماعت نے وفد کو مبارکباد دی اور ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے بھرپور جدوجہد کی تلقین کی۔ قبل ازیں انہوں نے منصورہ میں ہی مرکزی تربیت گاہ کے شرکاءسے بھی خطاب کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ حکومت سویڈن کا معاشی اور سفارتی بائیکاٹ کرے اور مطالبہ کیا کہ شعائر اسلام کے تحفظ اور اسلاموفوبیا کے خلاف موثر حکمت عملی تشکیل دینے کے لیے او آئی سی کا فوری اجلاس بلایا جائے۔ انھوں نے کہا کہ سویڈن میں سرکاری سرپرستی میں قرآن کریم کی توہین امت مسلمہ کی غیرت کے لیے چیلنج ہے اس پر خاموش نہیں رہ سکتے۔ عدالتیں طاقتور کا احتساب کرنے میں ناکام ہوگئیں۔ وقت آ گیا ہے عوام ووٹ کی طاقت سے لٹیروں اور ظالموں کا احتساب کرےں۔ جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر سودی نظام کا خاتمہ کرے گی جو معیشت میں بہتری کی پہلی سیڑھی ہے۔ کرپشن کا خاتمہ اور انصاف اور احتساب کا کڑا نظام لائیں گے، سٹیٹس کو توڑ کر ہر شعبہ میں انقلابی اصلاحات متعارف کرائی جائیں گی، ملک کے وسائل عوام پر خرچ ہوں گے۔
سراج الحق

ای پیپر-دی نیشن