سویڈن سے سفارتی تعلقات فی الفورمنقطع کیے جائیں:قاری محمد قاسم بلوچ
لاہور (خصوصی نامہ نگار)سویڈن سے سفارتی تعلقات فی الفورمنقطع کیے جائیں، سویڈن کی طرف سے اظہار آزادی کے نام پر جھوٹے بیانیہ کی آڑ میں قرآن کریم کی توہین ناقابل برداشت ہے۔سویڈن مصنوعات کا بائیکاٹ حکومتی سطح پرکیا جاناچاہیے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس احرار اسلام لاہور کے سیکرٹری جنرل قاری محمد قاسم بلوچ نے لاہور کے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرے میں بیان دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر تمام اسلامی ممالک سویڈن سے بائیکاٹ کا اعلان کردیں تو سویڈن میں اقتصادی بحران پیدا ہو جائے گا اور وہ اپنی اس حرکت پر ضرور معافی مانگے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان تمام اسلامی ممالک کی ترجمانی کرتے ہوئے سویڈن سے اس کی اس قبیح حرکت کا بدلہ لینے کا اعلان کرے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن کریم مسلمانوں کی صرف ریڈ لائن ہی نہیں بلکہ ڈیڈ لائن بھی ہے جو اس کو کراس کرتا ہے اسلام اور مسلمانوں کا سخت دشمن ہے اور دشمنوں سے کیسے نمٹا جاتا ہے مسلمان اس پر ایک تاریخ رکھتے ہیں۔ مظاہرے میں مجلس احرار اسلام لاہور کے کارکنان اور عہدیداران نے بھرپور شرکت کی اور حکومت وقت سے مطالبہ کیا کہ بیان بازی سے آگے نکل کر کوئی اقدام کر کے دکھائیں اورپوری قوم اس وقت یہ مطالبہ کر رہی ہے کہ سویڈن کے سفیر کو فی الفور پاکستان سے نکالا جائے۔