لوکل گورنمنٹ غیر قانونی تعمیرات سے متعلق قوانین کے نفاذ کو موثر بنائے، عامر میر
لاہور(نیوز رپورٹر) صوبائی وزیر برائے اطلاعات و بلدیات پنجاب عامر میر نے کہا ہے کہ محکمہ لوکل گورنمنٹ غیر قانونی تعمیرات سے متعلق قوانین کے نفاذ کو موثر بنائے۔ عوام میں ہر گز یہ تاثر عام نہیں ہونا چاہیے کہ نگران حکومت میں کرپشن آسان ہے۔ ہسپتالوں میں پارکنگ کے مسائل کو پارکنگ کمپنیوں کی مدد سے حل کیا جائے۔خیال رہے کہ لوکل گورنمنٹ کے تحت ون ونڈو سروسز صرف نام نہاد نا ہوں لوگوں کے مسائل موقع پر حل ہوں گے تو اداروں پر ان کا اعتماد بڑھے گا۔''آپکی بلدیہ '' کے تحت عوام کی محکمہ تک آسان رسائی کو جلد از جلد ممکن بنایا جائے۔ لاہور اور فیصل آباد کے علاوہ دیگر اضلاع میں بھی پارکنگ کمپنیوں کی سہولت مہیا کی جائے۔ مقامی اداروں کو عوامی خدمات کی فراہمی کے لیے نگران حکومت کا مکمل تعاون حاصل رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار آج صوبائی وزیر نے محکمہ لوکل گورنمنٹ اور کمیونٹی ڈویلپمنٹ کے ساتھ اپنے تعارفی اجلاس کی صدارت کے دوران محکمے کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔ اجلاس کے دیگر شرکاءمیں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ارشاد احمد، ایڈیشنل سیکرٹریز محکمہ لوکل گورنمنٹ و پنجاب لوکل گورنمنٹ بورڈ اور ڈائریکٹر جنرل شامل تھے۔ سیکرٹری ارشاد احمد نے صوبائی وزیر محکمہ لوکل گورنمنٹ کی ساخت، وظائف اور آ ئند ہ اور جاری منصوبہ جات پر تفصیلی بریفننگ دی ۔ صوبائی وزیر کے استفسار پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے بتایا کہ محکمہ کے تحت غیر قانونی تعمیرات سے متعلق شکایات کا ازالہ کیا جا رہا ہے۔ شہریوں کی مسائل کے حل کےلئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز میں ون ونڈو آپریشن کا آغاز کیا جا چکا ہے۔سیکرٹری ارشاد احمد نے مزید بتایا کہ محکمہ لوکل گورنمنٹ کے تحت غیر منقولہ شہری جائیداد کی منتقلی پر ٹیکس وصولیوں کے نظام کو ڈیجیٹلائز کیا جارہاہے۔سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر محکمے میں کمپلینٹ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم پر کام کاآغاز کر دیا گیا ہے جلد ہی ''آپکی بلدیہ کے تحت ان لائن ڈیش بورڈ، موبائل ایپلی کیشن، ہیلپ لائن اور واٹس ایپ نمبر جاری کر دئیے جائیں گے۔