• news

سیدناعثمان غنی ؓ کو حضور نے دنیا ہی میں جنت کی بشارت دی:علامہ نصیر احمد قادری 


 فیروز والہ( نامہ نگار) ممتاز عالم دین علامہ الحاج پیر نصیر احمد قادری نے کہا ہے کہ حضرت سیدناعثمان غنیؓ کو رسول اللہ نے دنیا ہی میں جنت کی بشارت دی۔ حضرت عثمان غنی ؓکی زندگی انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے۔ حکومت سرکاری سطح پر خلفاےراشدین کے ایام پر عام تعطیلات کا اعلان کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مرکزی مسجد لبیک یا رسول اللہ کامران پارک شاہدرہ میں شان سیدنا عثمان غنیؓ کہ موضوع پر منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علامہ الحاج پیر نصیر احمد قادری نے کہاکہ سیدناعثمان غنیؓ 22لا کھ مربع میل پر اس شان سے حکمرانی فرماتے کہ ان کیلئے کو ئی محل اور حفاظتی فورس نہیں تھی۔ سادگی کا یہ عالم تھا کہ اینٹ سرہانا بنا کر اپنی نیند پوری فرما لیتے۔ عبادت و ریاضت میں اپنی مثال آپ تھے۔ سیدنا عثمان غنیؓ دن رات نماز اور تلاوت میں مشغول رہتے اور آخری وقت میں بھی انہوں نے تلاوت کرتے ہوئے جام شہادت نوش فرمایا۔ انہوں نے کہا کہ خلیفہ سوم سیدنا حضرت عثمان غنیؓ کی روشن زندگی،سیرت وکردار،بے مثال فتوحات،سنہرے کارنامے اورطرز حکمرانی قیامت تک آنے والے لوگوں اور حکمرانوں کیلئے مشعل راہ ہیں۔ علامہ الحاج پیر نصیر احمد قادری نے کہا امیر المومنین حضرت عثمان غنی نے اپنی جان و مال سب دین پر قربان کر دیا۔

ای پیپر-دی نیشن