بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت اجلاس ،سول لائنز ، سٹی ڈویژنز کی کارکردگی کا جائزہ
لاہور(نامہ نگار)کیپٹل سٹی پولیس افسر بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت سول لائنز اور سٹی ڈویژنز کی کارکردگی بارے جائزہ اجلاس گزشتہ روز ہوا۔ ڈی آئی جی انوسٹی گیشن عمران کشور، ایس ایس پی آپریشنز صہیب اشرف، ایس ایس پی انوسٹی گیشن انوش مسعود چوہدری، سول لائنز اور سٹی ڈویڑن کے ایس پیز،اے ایس پیز، سرکل افسران، ایس ایچ اوز اورانچارج انوسٹی گیشنز نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں محرم الحرام کے دوران جلوسوں اور مجالس کیلئے سکیورٹی انتظامات سے متعلق امورکاجائزہ لیا اور زیر ِ التواءروڈ سرٹیفکیٹس، زیر ِتفتیش مقدمات، عادی مجرمان، عدالتی مفرور ان و اشتہاریوں کی گرفتاری کے حوالے سے کارکردگی کاجائزہ لیا گیا۔سی سی پی او لاہور نے تمام پینڈنگ کیسز اور روڈ سرٹیفکیٹس جلد سے جلد نمٹانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایس ڈی پی اوز انوسٹی گیشن اورآپریشن ونگز محنت، جذبے اور لگن سے فرائض ادا کریں۔ ایس ڈی پی اوز انوسٹی گیشن تفتیش کے معیار کو بہتر بنائیں اور ایس ڈی پی اوز آپریشنز جرائم کی روک تھام میں اپنا بھر پور کردار اداکریں۔انچارج انوسٹی گیشنز سنگین جرائم کی تفتیش خود کریں گے۔انہوں نے اشتہاری ملزمان اور منشیات فروشوں کے خلاف سخت کریک ڈاو¿ن کا حکم دیا اور ہدایت کی کہ سنگین مقدمات میں مطلوب اشتہاری ملزمان کے گرد گھیرا تنگ کیا جائے اور جرائم پیشہ عناصر، بھتہ خوروں، بدمعاشوں اور قبضہ مافیا کے خلاف موثر کارروائی کویقینی بنایا جائے۔