پلیئنگ الیون میں جگہ کیلئے دوسرے سپنرز سے مقابلے سے نہیں ڈرتا: شاداب خان
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کے نائب کپتان شاداب خان نے اسامہ میر کی غیر معمولی فارم کی تعریف کی اور ضرورت پڑنے پر باصلاحیت لیگ سپنر کے لیے راستہ بنانے پر آمادگی ظاہر کی۔ آل راو¿نڈر نے تمام کھلاڑیوں کو مسلسل مواقع دینے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ شاداب خان کا کہنا تھا کہ ’اسامہ میر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں جس سے پاکستان کو فائدہ ہو رہا ہے، اگر اسامہ کو کھیلنے کا مطلب ہے کہ مجھے باہر بیٹھنا پڑے تو مجھے کوئی اعتراض نہیں۔، تاہم اگر اسامہ کچھ میچوں میں کارکردگی نہ دکھا سکے تو اسے ڈراپ کرنا ان کے ساتھ ناانصافی ہو گی۔شاداب خان نے اپنی صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ پاکستان پلیئنگ الیون میں جگہ کے لیے دوسرے سپنرز سے مقابلہ کرنے سے نہیں ڈرتے۔ انہوں نے کہا کہ سپنرز کے درمیان صحت مند مقابلہ ہوتا ہے جس کا بالآخر پاکستان کو فائدہ ہوتا ہے۔ مجھے کبھی خوف نہیں ہوا کہ کوئی میری جگہ لے گا کیونکہ مجھے اپنی صلاحیتوں پر یقین ہے۔ بار بار انجری سے لڑتے ہوئے 24 سالہ نوجوان سپنر ٹیم میں اپنی پوزیشن کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ "میں نے متعدد انجریز بھگتی ہیں، میں انجری سے واپس آنے کے دوران اپنی جگہ کھونے سے کبھی نہیں ڈرتا ہوں، میرا ارادہ ہمیشہ ٹیم کے لیے اچھا رہا ہے اور میں واحد ہوں جو فارم میں موجود سپنر کو موقع فراہم کرتا ہوں"۔ یہ بات قابل غور ہے کہ اسامہ میر نے وائٹلٹی بلاسٹ 2023ءکے دوران شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اسامہ نے ووسٹر شائر کے لیے 11 میچوں میں 7.29 کے متاثر کن اکانومی ریٹ کے ساتھ 19 وکٹیں حاصل کیں۔