• news

اتحادیوں میںاختلاف نہیں ، اگلا وزیراعظم وہ ہوگا جسے عوام ووٹ دیں گے : مریم اورنگزیب 

اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی ) فاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سائفر لہرانے والا آج سائفر پر تحقیقات رکوانے پر بضد ہے، عدالتوں میں درخواستیں دی جا رہی ہیں کہ ممنوعہ فنڈنگ کے کیس میں ٹرائل روکا جائے، شہداءکی یادگاروں کی بے حرمتی کرنے والا قوم کا مجرم ہے، پاکستان کے عوام نے انہیں ووٹ پاکستان کو جلانے کے لئے نہیں پاکستان کو تعمیر کرنے کے لئے دیا تھا، ملک کسی سیاسی عدم استحکام کا متحمل نہیں ہو سکتا، اتحادی جماعتوں نے پاکستان کے عوام کو ریلیف دینے کے لئے کام کیا، اتحادیوں کے درمیان کسی قسم کا کوئی اختلاف نہیں، اگلا وزیراعظم وہ ہوگا جس کو پاکستان کے عوام ووٹ دیں گے۔ یہ بات انہوں نے مشیر انجینئر امیر مقام کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب میںکہی۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ سابق وزیراعظم کہتا تھا کہ رونا نہیں، گھبرانا نہیں اور وزیراعظم شہباز شریف کہتے ہیں کہ سونا نہیں، صرف کام کام اور کام۔ پی ٹی وی کی سکرین کے دروازے تمام صحافیوں کے لئے کھلے ہیں۔ آپ وہاں جا کر اپنا موقف بیان کر سکتے ہیں۔ گزشتہ چار سالوں کے دوران سابقہ حکومت نے خیبر پی کے کے عوام سے بلند بانگ دعوے کئے تھے، اسے سوئٹزرلینڈ بنانے کا وعدہ کیا گیا لیکن چار سال انہوں نے اپنی حکومت کے دوران پشاور میں احتساب کمشن کو تالہ لگا کر رکھا۔ دوسروں پر چوری کے الزامات لگائے اور خود چور نکلے، یونیورسٹیاں اور ہسپتال بنانے تھے، ایک ہسپتال میں کمرہ تک نہیں بنا سکے۔ بی آر ٹی پشاور کرپشن کیس میں سپریم کورٹ سے حکم امتناعی لیا گیا اور اس کیس میں کسی قسم کی انوسٹی گیشن نہیں ہونی دی۔ پی ٹی آئی نے یہاں ساڑھے تین سو ڈیم بنانے کا وعدہ کیا تھا لیکن عوام کو ڈیم فول بنا کر چلے گئے۔ میں نے ریڈیو پاکستان کی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ عمارت کے داخلی راستے پر ریڈیو پاکستان پر حملے کی تفصیلات لگائی جائیں تاکہ ہمیشہ یہ بات یاد رہے کہ کس طرح ریڈیو پاکستان پر حملہ کیا گیا تھا۔ ایک شخص ہر وقت جھوٹ اور پروپیگنڈے کے ذریعے سازش میں مصروف رہتا ہے، تحریک عدم اعتماد آئی تو اس نے سائفر لہرایا اور کہا کہ امپورٹڈ حکومت آ گئی ہے۔ اس نے سائفر لہرا کر جھوٹ بولا اور پھر یہ سازش باجوہ صاحب سے ہوتی ہوئی محسن نقوی پر ختم ہوئی۔ یہ شخص کہتا ہے کہ 190 ملین پا¶نڈ کا اسے نہیں پتہ کہ لفافے میں کیا تھا، پاکستان کے عوام دیکھ رہے ہیں، ہمارے پاس جواب تھے، ہم نے بالٹی، ڈبے اور کنستر کا سہارا کبھی نہیں لیا، ہم عدالتوں سے کبھی نہیں بھاگے۔9 مئی کے واقعات کا ماسٹر مائنڈ عمران خان ہے، جو شخص ان واقعات میں ملوث ہے وہ پاکستان کے دشمن ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی، آئینی مدت پوری ہونے کے بعد انتخابات ہوں گے۔ فارن ایجنٹ عوام کے پاس کیا لے کر جائے گا، ہم ملک سے نفرتیں ختم کرنا چاہتے ہیں، ملک سے عدم برداشت کو مٹانا چاہتے ہیں۔ 2016میں ہم نے آئی ایم ایف پروگرام مکمل کرلیا تھا لیکن پچھلی حکومت نے اپنی نااہلی کے باعث آئی ایم ایف پروگرام کو دوبارہ زندہ کیا اور پھر اس کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اسے معطل کر دیا، ہم نے اس پروگرام کو دوبارہ بحال کیا۔ ہم اپنی معیشت کا انحصار آئی ایم ایف پروگرام پر نہیں رکھیں گے۔ ہم اقتصادی بحالی کی طرف جائیں گے جس کی بنیاد نواز شریف نے 2013میں رکھی تھی۔ ہم اسی عزم کے ساتھ پاکستان کے عوام کے پاس جائیں گے۔ بی آئی ایس پی اور لیپ ٹاپ سکیم کے اندر صحافی برادری کو کس طرح شامل کیا جا سکتا ہے، اس پر وہ وزیراعظم سے بات کریں گی۔ ملک کسی قسم کے سیاسی عدم استحکام کا متحمل نہیں ہو سکتا، اتحادی جماعتوں نے بہت ذہانت اور صبر کے ساتھ پاکستان کے عوام کو ریلیف دینے کے لئے کام کیا۔ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف جلد پاکستان آئیں گے اور الیکشن میں اپنی جماعت کی قیادت کریں گے۔ ہمارا مقصد سیاسی انتقام لینا نہیں، اگر ہم نے سیاسی انتقام لینا ہوتا تو جب شہباز شریف نے 12 اپریل کو اقتدار سنبھالا تو 13 اپریل کو عمران خان جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہوتا کیونکہ ہمارے پاس ریاستی طاقت بھی تھی اور نیب کا قانون بھی موجود تھا۔ شہباز شریف عوام کی خدمت میں مصروف ہیں، ان کے لئے عمران خان کوئی اہمیت نہیں رکھتے۔ صاف اور شفاف الیکشن کا انعقاد کروا کر پاکستان کے عوام کے ووٹ کو عزت دیں گے۔ علاوہ ازیں فاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کی جانب سے پاکستان میں انسانی حقوق کی صورتحال کی بہتری کا اعتراف موجودہ حکومت کے درست سمت میں درست اقدامات کا اعتراف ہے، وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں صرف پندرہ ماہ کے دوران پاکستان نے اندرونی اور بیرونی سطح پر ایک کے بعد ایک کامیابیوں کے سنگ میل عبور کئے، ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا، آئی ایم ایف سے سٹاف لیول معاہدہ بحال کیا، فیٹف کی گرے لسٹ سے نجات ملی۔
مریم اورنگزیب 

ای پیپر-دی نیشن