• news

 پاکستانی کمیونٹی کے درمیان کوئی دراڑ یا تقسیم نہیں ہونی چاہیے ، مسعود خان 


اسلا م آبا د (خصوصی نامہ نگار) پا کستانی سفیر نے کہا کہ پاکستان کا مقدر بہت تباناک ہے۔ پاکستان پر یقین رکھیں۔ ہم تمام طوفانوں اور مشکلات کو عبور کرتے ہوئے اقوام عالم میں ایک کامیاب قوم بن کر ابھریں گے۔امریکہ میں پاکستانی نڑادڈاکٹروں کی تنظیم 'اپنا' کے چھیالیسویں سالانہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی سفیر مسعود خان نے ان پر زور دیا کہ وہ شکوک و شبہات کو ذہنوں سے نکال دیں، الجھنوں اور مایوسی کو مسترد کریں اور اپنی صفوں میں اتحاد کا مظاہرہ کریں۔ صدر ایسوسی ایشن آف فزیشنز آف پاکستانی ڈیسنٹ آف نارتھ امریکہ ڈاکٹر ارشد ریحان نے بھی انہی جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 'اپنا' متحد ہے اور اس کے درمیان کوئی تقسیم نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کا ثبوت تنظیم کی بھرپور حمایت اور کنونشن کی تمام تقریبات بالخصوص اس کی سالانہ ضیافت میں شرکائ کی ریکارڈ تعداد سے ظاہر ہوتا ہے۔علاوہ ازیں متعدد پاکستانی امریکی ڈاکٹروں، جنہوں نے سفیر پاکستان سے انفراادی اور گروپس کی شکل میں ملاقات کی ، سے بات کرتے ہوئے مسعود خان نے انہیں یقین دلایا کہ وہ بغیر کسی خوف یا خدشات اپنے نائی کوپ پر پاکستان جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افواہوں کے برعکس اووسیز کے حوالے سے کوئی لسٹ تیار نہیں کی گئی۔ یہ محض پروپیگنڈا ہے۔ اسے مسترد کریں۔انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں اور آپ بغیر کسی رکاوٹ کے اپنی مادر وطن کا دورہ کرنے میں آزاد ہیں۔سفیر نے کہا کہ سمندر پار پاکستانی متحد رہیں اور اپنی مادر وطن کے روشن مستقبل پر پورا یقین رکھتے ہوئے مخالفین کو غلط ثابت کریں۔ اس موقع پر سفیر پاکستان نے اپنا کے صدر ڈاکٹر ارشد ریحان کو شاندار خراج تحسین پیش کیا جن کی قیادت میں 46ویں کنونشن کا انعقاد نہایت احسن طریقے اور تدبر کے ساتھ کیا گیا جس کے نتیجے میں یہ اب تک اپنا کا سب سے بڑا اجتماع تھا تقریب میں تقریباً 4000 ڈاکٹروں، پیشہ ور افراد اور ان کے اہل خانہ نے شرکت کی۔مسعود خان نے 'اپنا' کے کردار اور اسکی خدمات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ 'اپنا' پاکستان کا روشن چہرہ ہے اور یہ تنظیم پاکستان اور امریکہ کے درمیان پل بنانے والوں کا کردار ادا کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں آپ کی کامیابیوں پر فخر ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ آپ امریکہ اور پاکستان کے لئے اپنی خدمات کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ 
 مسعود خان 

ای پیپر-دی نیشن