حکومت کا ملازمت پیشہ خواتین ،طالبات کو رعایتی قیمت پر سکوٹیز دینے کا فیصلہ
لاہور( این این آئی)حکومت نے سرکاری اور نجی شعبہ میں ملازمت کرنے والی خواتین اور طالبات کو رعایتی قیمت پر سکوٹیز دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ پاکستان بھر سے 22 ہزار خواتین کو وزیراعظم ویمن آن ویلز پروگرام کے تحت رعایتی قیمت پرسکوٹیز اور موٹرسائیکلز کی فراہمی کا آغاز جلد ہو گا اور اس کے لئے انہیں صرف ساڑھے 4 ہزار روپے ماہانہ قسط ادا کرنا ہوگی۔قومی کمیشن برائے وقارنسواں کی چیئرپرسن نیلوفربختیارکے مطابق پروگرام پرعملدرآمد کے لیے 5 ارب روپے مل گئے ہیں، سکوٹیز کی تقسیم کا عمل مکمل طور پر شفاف ہو گا۔وزیر اعظم شہبازشریف کی ذاتی دلچسپی کے نتیجے میں وزیراعظم ویمن آن ویلز پراجیکٹ جلد شروع ہو گا، 18 سے 55 سال تک کی خواتین درخواست دے سکیں گی۔قومی کمیشن برائے وقار نسواں کی چیئرپرسن نیلوفر بختیار نے بتایا کہ 22 ہزارسکوٹیز کے لیے فنڈز فراہم کر دئیے گئے ہیں، سکوٹیز کی تقسیم کا آغاز جلد ہو گا جو بالکل شفاف ہوگا۔انہوں نے کہا کہ 4 ہزار سکوٹیز ہر صوبے کی ہے، اسلام آباد کیلئے بھی 4 ہزار، گلگت بلتستان کے لئے ایک ہزاراورایک ہزارآزاد کشمیر کیلئے ہوں گی ، یہ 3 سال کا پروگرام ہو گا، 30 ہزارسے لے کر ڈیڑھ لاکھ روپے تک کمانے والے اس کے اہل ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ کوشش ہو گی کہ ملازمت پیشہ خواتین اور طالبات کے ساتھ ساتھ پولیو ہیلتھ ورکرز اورخواتین صحافی بھی مستفید ہوں تاکہ وہ ملکی معاشی ترقی میں مدد گارثابت ہوسکیں۔
نیلوفر بختیار