• news

کیپٹن کرنل شیر خان شہید ٹی 20 کرکٹ چیمپئن شپ کا انعقاد

لاہور(سپورٹس رپورٹر)لاہور میں کیپٹن کرنل شیر خان شہید ٹی 20 کرکٹ چیمپئن شپ کا انعقاد‘کرکٹ کے میگا ایونٹ کا باقاعدہ آغاز کیپٹن فصیح بابر امین شہید سپورٹس کمپلیکس ڈی ایچ اے لاہور میں ہوا۔ٹورنامنٹ کا انعقاد کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی تئیسویں برسی کے حوالے سے شہدائے پاکستان کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔ ٹورنامنٹ کے پہلے روز ایک پروقار افتتاحی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ معزز مہمانوں میں کمانڈر لاہور کور لیفٹیننٹ جنرل سید عامر رضا، کیپٹن کرنل شیر خان شہید، نشان حیدر کے بھائی انور خان، کرکٹ کی دنیا کے مایہ ناز کھلاڑی اور کھیل کے شائقین کی ایک بہت بڑی تعداد موجود تھی- تقریب میں موجود کرکٹ سٹارز میں عامر سہیل، انضمام الحق، مصباح الحق، عبدالرزاق اور سلمان بٹ نمایاں تھے ۔ افتتاحی تقریب میں کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی زندگی پر مبنی ایک ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی۔ معروف گلوکار وارث بیگ کے ملی نغمے پر بچوں کی خوبصورت پرفارمنس نے حاضرین کے دل موہ لیے۔افتتاحی تقریب میں پاکستان کے سابقہ کرکٹ کپتانوں کے آٹو گرافس کے ساتھ ایک یادگاری بیٹ کیپٹن کرنل شیر خان شہید کے بھائی انور خان کو پیش کیا گیا۔حاضرین سے خطاب میں کیپٹن کرنل شیر خان کے بھائی، انور خان نے کہا کہ ہم تکریمِ شہدا کے حوالے سے پاکستانی قوم کے اجتماعی شعور، یکجہتی اور محبت کے معترف ہیں۔ چاہے جنگ ہو یا کھیل کا میدان، وقت پڑنے پر پاکستان کے ہر گھر سے ایک کرنل شیر خان نکلے گا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی لیفٹیننٹ جنرل سید عامر رضا، کمانڈر لاہور کور نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایک شہید کے نام پر بنے سپورٹس کمپلیکس میں ایک شہید کے نام پر منعقد کیا جانے والا یہ کھیل کا مقابلہ اس بات کا مظہر ہے کہ پاکستانی قوم اپنے شہدا کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھتی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو ملک و ملت کا مستقبل قرار دیا اور کھیلوں کے فروغ کیلئے ڈی ایچ اے لاہور کی مسلسل کاوشوں کو سراہا۔چیمپئن شپ میں 8 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ان ٹیموں میں قومی سطح کے کھلاڑی بھی شامل ہیں۔ یہ ٹورنامنٹ 16 جولائی تک جاری رہے گا اور اس میں کل 15 میچ کھیلیں جائیں گے۔ ٹی 20 میچ روزانہ شام چار سے رات دس بجے تک میچز کھیلیں جائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن