• news

گلگت بلتستان: 4 امیدوار میدان میں‘ وزیراعلیٰ کا انتخاب آج ہو گا


گلگت (اقبال عاصی سے) گلگت بلتستان اسمبلی میں قائد ایوان کا چناو¿ آج جمعرات کو دن کے 12 بجے اسمبلی ہال میں ہو گا۔ صوبائی اسمبلی کے 32 ارکان نئے وزیراعلی کے چناو¿ کے عمل میں حصہ لیں گے۔ سپیکراسمبلی کے مطابق وزیر اعلی کے عہدے کے لئے چار امیدوار سامنے آگئے ہیں جن میں حاجی گلبر خان، جاوید علی منوا، راجہ زکریا اور راجہ اعظم خان شامل ہیں۔ انتخابی شیڈول کے مطابق امیدوار جمعرات (آج) دن کے دس بجے تک اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے سکتے ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ ن کی حمایت یافتہ پاکستان تحریک انصاف سے منحرف فاروڈ بلاک کے نامزد امیدوار حاجی گلبرخان کو ذرائع کے مطابق 12 ووٹ اور دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف کے ہم خیال گروپ کا مجموعی ووٹ امیدوار جاوید علی منوا ، راجہ اعظم خان اور راجہ زکریا کے مجموعی تعداد 13 بتائی جاتی ہے۔ اس تمام صورتحال میں پاکستان پیپلز پارٹی اور دیگر ممبران جن کی تعداد 7 بتائی جاتی ہے کا وزیر اعلیٰ کے انتخاب میں اہم کردار ہو سکتا ہے۔ واضح رہے کہ وزیراعظم کے مشیر قمر زمان کائرہ کی طرف سے پی ڈی ایم کے حمایت یافتہ فاروڈ بلاک کے امیدوار حاجی گلبر خان کو اپوزیشن رہنما امجد ایڈووکیٹ کی طرف سے ووٹ نہ دینے کے اعلان کے بعد گورنر جی بی اور قمر زمان کائرہ کا امجد ایڈووکیٹ کے ساتھ توتو مے مے کے بعد اپوزیشن لیڈر نے اسمبلی کی رکنیت سے گزشتہ روز استعفی دیدیا تھا، تاہم سپیکر نے تیکنیکی بنیاد استعفی واپس کر دیا تھا۔
گلگت بلتستان/ وزیراعلیٰ

ای پیپر-دی نیشن