عمران کرپشن میں ڈوبا ہوا، معیشت کی خلاف سازش کی: حمزہ شہباز
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیراعلی حمزہ شہباز نے اندرون بھاٹی گیٹ آتشزدگی میں جاں بحق ہونے والے افراد کے خاندان سے تعزیت کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ان کے پاس الفاظ نہیں ہیں کہ لواحقین کو اس اندوہناک سانحے پر تسلی دے سکیں۔ اللہ ان کو صبر جمیل عطا فرمائے اور اگر کہیں کوئی کوتاہی ہوئی ہے تو اس کی بھی انکوائری ہو گی۔ آئی ایم ایف کے معاہدے کو عمران خان نے سبوتاژ کیا۔ لیکن قوم کی کامیابی ہے کہ دوبارہ سے آئی ایم ایف سے معاہدہ ہو گیا ہے جو اچھی امید لے کر آئے گا۔ قومی انتخابات ہونے تو ہیں لیکن پاکستانیت کا تقاضا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں مل بیٹھ کر معیشت کے حوالے سے نیا عمرانی معاہدہ کریں جسے آئینی تحفظ حاصل ہو کیونکہ اب پاکستان کی بقا کی جنگ ہے۔ اس سانحے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے سابقہ دور میں یہاں بغیر اجازت اندھا دھند عمارتیں بنانے دی گئیں جس کی انکوائری کی جائے گی۔ وہ شہزاد اکبر کہاں گیا جو دس دس گھنٹے کی پریس کانفرنسز کرتا تھا جبکہ عمران خان جس نے جھوٹے مقدمات بنائے وہ آج توشہ خانہ کا حساب نہیں دے سکتا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میری اور شہباز شریف کی بریت عمران خان کے دور میں ہوئی کیونکہ ان کیسز میں کوئی ثبوت نہیں تھا ہم بریت پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں۔ عمران خان کرپشن میں ڈوبا ہوا ہے۔ مہنگائی عوام کا سب سے دیرینہ مسئلہ ہے۔ ہم نے اپنے دور میں 100یونٹس مفت دینے کا پروگرام بنایا اور مفت ادویات دیں۔ عمران خان نے معیشت کے خلاف سازش کی جبکہ مہنگائی سے کوئی آنکھیں نہیں چرا سکتا لیکن ہماری محنت سے معیشت سنبھلے گی تو عوام کو بھی ریلیف ملے گا۔
حمزہ شہباز