بلوچستان ، ژوب گیریژن پر حملہ ، سوئی میں جھڑپ ، 12 اہلکار شہید،7 دہشت گرد ہلاک
اسلام آباد،میانوالی ،چیچہ وطنی(خبرنگارخصوصی ،خصوصی نامہ نگار،نمائندہ خصوصی،خبرنگار،اپنے سٹاف رپورٹر سے،نامہ نگاران) بلوچستان میں ژوب گیریژن پر دہشتگردوں کی فائرنگ سے 9سکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق ژوب کینٹ میں کلیئرنس آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے، آپریشن کے دوران مجموعی طور پر 5 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔آئی ایس پی آرکے مطابق گذشتہ صبح سویرے دہشت گردوں نے شمالی بلوچستان میں ژوب گیریژن پر حملہ کیا، دہشت گردوں کی تنصیب میں گھسنے کی ابتدائی کوشش کو ڈیوٹی پر موجود سیکیورٹی اہلکاروں نے ناکام بنا دیا۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سکیورٹی فورسزاوقوم بلوچستان اور پاکستان کے امن کو تباہ کرنے کی ایسی تمام گھناو¿نی کوششوں کو ناکام بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔ میانوالی کا لانس نائیک گل حمید خان ساغرخیل بھی شہید۔شہید گل حمید خاں نے سوگواران میں معصوم بیٹی، بیٹا، بیوہ اور والدین چھوڑے ہیں۔جبکہ چیچہ وطنی کا فوجی نوجوان بلوچستان میں دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے وطن عزیز پر قربان ہو گیا۔ ایرانی سفارتخانے نے دہشت گردانہ کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ۔ایرانی سفارتخانے نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہاکہ حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کے ساتھ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہاگیا کہ ان کی دعائیں شہداءکے ساتھ ہیں اور وہ زخمیوں کی صحت یابی کے لئے دعاگو ہیں۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ژوب گیریژن میں دہشت گردوں کے حملے میں سکیورٹی فوسز کے 4 جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہدا قوم کا فخر ہیں۔ وزیراعظم نے شہدا کے اہلخانہ کیلئے صبر جمیل اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔وزیراعظم نے کہا کہ شہدا ہماری قوم کا فخر ہیں،سکیورٹی اہلکاروں نے اپنی جان نچھاور کرکے ملک کو بہت بڑے جانی نقصان سے بچایا،پاکستانی قوم اپنے شہدا کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے ژوب کینٹ میں دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کی ہے۔ صدر زرداری نے سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر انتہائی دکھ کا اظہار کیا۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ دہشت گردوں، منصوبہ سازوں اور ان کے سہولت کاروں کو معاف نہیں کیا جائے گا۔وفاقی وزیر داخلہ راناثنااللہ نے ژوب کینٹ میں دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے وزیر داخلہ راناثنااللہ خان نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے جوانوں نے جانوں کی قربانی دیکر بڑی تباہی سے بچایا اور تین دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا انہوں نے کہا کہ جام شہادت نوش کرنے والے سکیورٹی اہلکاروں کی بلندی درجات کیلئے دعا گو ہوں ۔چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے بلوچستان کے علاقہ ژوب میں سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے لازوال قربانیوں دی ہیں،خطے کے امن کی بقا کے لیے سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی نے بھی سیکیورٹی فورسز پر حملے کی مذمت کی ۔نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے سکیورٹی اہلکاروں کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید اہلکاروں نے بہادری کے ساتھ دہشت گردو ں کو جہنم واصل کر کے مذموم عزائم کو ناکام بنایاسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے دہشتگردوں کے حملے کے نتیجے قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا۔استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردوں کے حملے میں پاک فوج کے 4 جوانوں کی شہادت کا واقعہ افسوسناک ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے لکھا کہ وطن کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے فوجی جوانوں کو سلام۔عبدالعلیم خان کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان کے ضلع ژوب کے کینٹ کے علاقے میں دہشت گردوں کا حملہ افسوسناک ہے۔
سوئی (نوائے وقت رپورٹ) ضلع سوئی میں سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں میں فائرنگ تبادلہ ہوا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 3 جوان دہشتگردوں کیخلاف بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے۔ آپریشن کے دوران 2 دہشتگرد مارے گئے۔ دیگر دہشتگردوں کی گرفتاری کیلئے آپریشن جاری ہے۔