کراچی: دبئی سے شادی کیلئے آیا نوجوان پولیس فائرنگ سے جاں بحق‘ ورثاء کا نعش سمیت احتجاج
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) کراچی کے علاقے منگھو پیر میں نہ رکنے پر پولیس کی فائرنگ سے موٹر سائیکل سوار ایک شخص جاں بحق اور دوسرا زخمی ہو گیا۔ واقعے کے بعد اہل خانہ نے نعش تھانے کے باہر رکھ کر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ عباسی شہید ہسپتال میں ہاشم کے ماموں رستم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہاشم اور اس کا دوست پولیس کی فائرنگ سے جاں بحق اور زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہاشم 15 سے زائد سال سے دبئی میں مقیم تھا اور شادی کرنے کیلئے کراچی آیا تھا۔ مقتول کی ایک ماہ قبل شادی ہوئی تھی۔ مقتول واپس جانے سے قبل شاہ نورانی کے مزار پر دوست کے ساتھ زیارت کیلئے گیا تھا۔ واپس آتے ہوئے نہ رکنے پر پولیس نے دونوں پر فائرنگ کی۔ دوسری جانب پولیس کا واقعے سے متعلق کہنا ہے کہ عینی شاہدین کے مطابق جائے وقوعہ پر پولیس موبائل کھڑی تھی۔ موٹر سائیکل سوار افراد کو رکنے کا اشارہ کیا تو وہ نہیں رکے۔ پولیس موبائل میں موجود اہلکاروں نے پیچھا کرنے کے بعد موٹر سائیکل سواروں پر فائرنگ کی۔ فائرنگ کرنے والے پولیس موبائل کس تھانے یا محکمے کی تھی‘ اس کی تصدیق کر رہے ہیں۔ وہاں کمشنر نے ناکہ لگا رکھا تھا۔