جڑواں شہروں میں 600 غیرقانونی ہا ئوسنگ سوسائٹیاں ہیں: قائمہ کمیٹی
اسلام آباد (خبر نگار) قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی کا اجلاس چیئرپرسن کمیٹی نزہت پٹھان کی زیر صدارت سی ڈی اے سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا، قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی میں انکشاف کیا گیا ہے کہ جڑواں شہروں میں 600 سے زائد غیرقانونی ہا ئوسنگ سوسائٹیاں ہیں۔ اسلام آباد میں 150، راولپنڈی میں318 باقی دیگر سوسائٹیز فتح جنگ اور اٹک کے علاقوں میں ہیں۔ اسلام آباد کے سارے نالے سیوریج کے نالے بن چکے ہیں،کمیٹی نے سی ڈی اے بورڈ میں ایک انوائرمینٹل پروٹیکشن ایجنسی کا نمائندہ شامل کرنے کی سفارش کر دی ہے۔ ممبران کمیٹی نے کہا کہ غیرقانونی ہاوسنگ سوسائٹیاں اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، سی ڈی اے ہاتھ پر ہاتھ رکھے خاموش تماشائی بنا ہوا ہے۔ سمندر پار پاکستانی جعلی سوسائٹیوں کے ہاتھوں لٹ رہے ہیں۔ چیئرپرسن کمیٹی نے سی ڈی اے حکام سے پوچھاکہ سی ڈی اے غیرقانونی سوسائٹیوں کے خلاف کیا کر رہا ہے،سی ڈی اے غیرقانونی سوسائٹیوں کی فہرست جاری کرے۔