کراچی: وزیراعلیٰ ہائوس جانے کی کوشش، پولیس کا اساتذہ پر لاٹھی چارج، درجنوں گرفتار، متعدد زخمی
کراچی (سٹاف رپورٹر) پولیس نے اساتذہ کی جانب سے احتجاج کے لیے وزیراعلی ہاؤس جانے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے واٹر کینن و لاٹھی چارج کرکے درجنوں اساتذہ کو گرفتار کرلیا۔ جبکہ متعدد زخمی بھی ہوئے۔ آل سندھ پرائمری ٹیچرز ایسوسی ایشن کراچی ڈویژن کی جانب سے الائونس نہ ملنے اور ملازمت کو مستقل نہ کیے جانے کے خلاف پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا گیا۔ بعد ازاں مظاہرین نے ریڈ زون میں داخل ہو کر وزیراعلی ہاؤس کی جانب پیش قدمی کی، جس پر پولیس نے انہیں روکنے کی کوشش کی، تاہم مظاہرین آگے بڑھتے رہے جس کے بعد پولیس نے اساتذہ کو آگے بڑھنے سے روکنے کے لیے واٹرکینن کا استعمال اور لاٹھی چارج کیا۔ اس دوران متعدد اساتذہ زخمی اور درجنوںکو حراست میں بھی لے لیا گیا۔ اساتذہ کی تنظیم نے دعوی کیا کہ 150سے زائد مظاہرین پولیس کی حراست میں ہیں۔ اساتذہ کا کہنا ہے کہ سندھ کے پرائمری اساتذہ کے دیرینہ مطالبات منظور نہیں کئے جا رہے۔ ہمارے ساتھ نا انصافی کی جارہی ہے۔ پولیس نے تشدد کیا، جب کہ ہم اپنے جائز مطالبات منظور کروانے آئے تھے۔ ہمارے مطالبات منظور نہیں کیے جائیں گے تب تک ہم دھرنا دیتے رہیں گے۔