• news

یوکرائن کی اتحاد میں شمولیت: نیٹو کا ٹائم فریم دینے سے انکار

واشنگٹن‘ ویلنئس (این این آئی) سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یوکرائن کو سٹر ہتھیاروں کی فراہمی کی مخالفت کا اعلان کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق صدر کے میڈیا آفس کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ یوکرائن کو سٹر ہتھیاروں کی فراہمی کے خطرناک نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔ یوکرائن کو تیسری جنگ عظیم کی طرف نہیں دھکیلنا چاہئے۔ خیال رہے کہ ٹرمپ آئندہ سال امریکا میں ہونے والے صدارتی الیکشن میں حصہ لینے کی مہم چلا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکی صدر کو جنگ کو روکنے اور ایک نااہل انتظامیہ کی وجہ سے ہونے والی خوفناک موت اور تباہی کو روکنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ اگر سٹر گولہ بارود کی ترسیل امریکا میں روایتی جنگی سازوسامان کی کمی کی وجہ سے تھی تو یہ اسے فوری طور پر بند ہونا چاہیے۔ نارتھ اٹلانٹک ٹریٹی آرگنائزیشن (نیٹو) کے سربراہان نے یوکرائن کو فوجی اتحاد میں شمولیت کا ٹائم فریم دینے سے انکار کر دیا۔ غیر ملکی میڈیاکے مطابق نیٹو کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ یوکرائن کو مستقبل میں فوجی اتحاد میں شامل ہونے کے قابل ہونا چاہیے‘ لیکن وہ صدر ولادی میر زیلنسکی کو ناراض کرتے ہوئے کیف کو فوری طور پر دعوت دینے سے باز رہے۔ 31 رکن ممالک کے رہنماؤں کا لتھوانیا کے دارالحکومت ولنیئس میں دو روزہ سربراہی اجلاس ہوا۔ تمام رہنمائوں نے اعلان کیا کہ یوکرائن کا مستقبل نیٹو میں ہے‘ لیکن انہوں نے اس عمل کے لیے کوئی ٹائم لائن پیش نہیں کی۔ اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا کہ جب ہم اس پوزیشن میں ہوں گے کہ اتحادی متفق ہوں اور شرائط پوری ہو جائیں تو ہم یوکرائن کو اتحاد میں شامل ہونے کی دعوت دیں گے۔ اعلامیے میں شرائط کی وضاحت نہیں کی گئی تاہم یوکرائن کیلئے ایک شرط کو ختم کر دیا جسے ممبرشپ ایکشن پلان کہا جاتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن