ای ارن پروگرام کے تحت گجرات میں کو۔ورکنگ سنٹر کا افتتاح
لاہور(نیوز رپورٹر)فری لانسرز، سٹارٹ اپس اور انٹرپرینیورز کو سہولت دینے کیلئے پنجاب آئی ٹی بورڈ کی جانب سے ای ارن پروگرام کے تحت گجرات میں کو۔ورکنگ سنٹر کا افتتاح کر دیا گیا۔ پی آئی ٹی بی ڈائریکٹر علی زیب نے ای ارن سنٹر کا افتتاح کیا اور اس موقع پر کو۔ورکنگ سپیس سنٹر سی ای او عدنان جمیل بھی موجود تھے۔ نجی شراکت داروں کے تعاون سے بہاولپور، گوجرانوالہ، ملتان، فیصل آباد، ڈی جی خان اور سیالکوٹ سنٹرز کے قیام کے بعد گجرات میں قائم ہونے والا یہ ساتواں سنٹر ہے جہاں فری لانسرز، سٹارٹ اپس اور انٹرپرینیورز کو ایک ہی چھت تلے کام کرنے کی جگہ، مفت انٹرنیٹ، بجلی اور ٹریننگ ہال وغیرہ کی سہولتیں میسر ہونگی۔ ای ارن فری لانسرز، سٹارٹ اپس اور انٹرپرینیورز کیلئے پنجاب کا سب سے بڑا کو۔ورکنگ نیٹ ورک ہے جس کا مقصد باصلاحیت اور ہنر مند نوجوانوں کو کام کا بہترین ماحول جبکہ خواتین اور معذور افراد کیلئے کام کے مساوی مواقع پیدا کرنا ہے تاکہ باہمی تعاون کیساتھ ملکی زرمبادلہ میں مزید اضافہ ممکن ہو سکے۔ پی آئی ٹی بی پنجاب کے 11 اضلاع میں ای ارن سنٹرز کھولنے کا عزم رکھتا ہے۔