ورلڈ انڈر 21 سنوکر چیمپئن شپ،پاکستان نے بھارت کو شکست دیدی
لاہور(سپورٹس رپورٹر)ورلڈ انڈر 21 سنوکر چیمپئن شپ میں پاکستان کے حمزہ الیاس نے اپنا دوسرا میچ بھی جیت لیا ہے۔سعودی عرب کے شہر ریاض میں جاری ایونٹ میں17 سالہ حمزہ الیاس نے بھارت کے 12 سال کے آراوو سنچیتی کو 1-3 سے شکست دیکر کامیابی حاصل کی۔حمزہ نے اس سے قبل عراق کے عمر الفہدل کو شکست دی تھی، مسلسل دو میچز جیت کر حمزہ کی اگلے راﺅنڈ تک رسائی یقینی بن چکی ہے۔حمزہ الیاس اپنا آخری میچ جرمنی کے فیبیان ہیکن کےخلاف کھیلیں گے ۔پاکستان کے احسن رمضان نے بھارت کے شام الوان کو تین صفر سے ہرایا، احسن رمضان نے تیسرے فریم میں 100 کا بریک کھیلا۔ احسن کی جیت کا سکور 17-82، 18-82 اور 0-125 رہا۔احسن رمضان نے گروپ کے تین میں سے دو میچ جیتے ہیں۔ پاکستانی کیوئسٹ نے اس سے قبل مصر کے پلیئر کو شکست دی تھی۔دوسرے میچ میں احسن کو ایران کے تیرداد ازادی پور نے شکست دی تھی۔