• news

نو منتخب وزیراعلی گلگت بلتستان نے حلف اٹھالیا 

گلگت (نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) گلگت بلتستان کے نومنتخب وزیراعلی حاجی گلبر خان نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ حلف برداری کی تقریب گورنر ہاو¿س میں ہوئی اور گورنر سید مہدی نے حلف لیا۔ اس سے قبل سابق صوبائی وزیر صحت حاجی گلبر خان فارورڈ بلاک کی طرف سے وزیراعلی کے عہدے کے لئے 19 ووٹ لیکر گلگت بلتستان اسمبلی کے نئے قائد ایوان منتخب ہوئے جبکہ ان کے مد مقابل پی ٹی آئی ہم خیال گروپ نے بائیکاٹ کرتے ہوئے اجلاس میں شرکت نہیں کی۔ حاجی گلبر خان کو پی ٹی آئی فارورڈ گروپ کے 12 ارکان، مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے تین تین ممبران اور جے یو آئی کے ایک رکن اسمبلی نے ان کے حق میں کھڑے ہوکر حمایت کی۔ جبکہ رکن اسمبلی نواز خان ناجی اپنی سابقہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے اپنی نشت پر بیٹھے رہے۔ حاجی گلبر خان نے اسمبلی میں اپنے پہلے خطاب میں کہا کہ گلگت بلتستان میں پی ڈی ایم جماعتوں کے ساتھ مل کر مخلوط حکومت بنائی جائے گی۔ صوبائی حکومت کی اولین ترجیح علاقے میں امن وامان کا قیام پھر تعمیر و ترقی ہوگی کیونکہ ترقی کے لئے شرط اولین ہی قیام امن ہے، اس کے بغیر ترقی کا خواب کبھی بھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ڈھائی سال گلگت بلتستان میں ترقی کا پہیہ جام ہو چکا تھا۔ اب انشاءاللہ اپنے اتحادی جماعتوں کے ساتھ ملکر ترقی کے نئے دور کا آغاز کر یںگے۔ انہوں نے محمد نواز شریف، آصف علی زرداری اور مولانا فضل الرحمان کا بھی شکریہ ادا کیا کہ ان کی حمایت سے آج وہ قائد ایوان منتخب ہونے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میری صحت خراب ہونے کے باجود میرے اوپر بھروسہ کرکے اس اہم عہدے پر مجھے کامیاب کرایا گیا جس کے لئے میں اپنے فارورڈ بلاک کے ممبران اسمبلی کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں اور اپنے تمام اتحادیوں کو یقین دلاتا ہوں کہ میں سب کو لیکر چلوں گا اور کسی رکن اسمبلی کے ساتھ زیادتی نہیں ہوگی۔ بی این ایف کے سپریم لیڈر و رکن گلگت بلتستان اسمبلی نواز خان ناجی نے کہا ہے کہ جی بی اسمبلی کو مقتدر ایوان کہہ کر جھوٹ بولا جاتا ہے، یہ مظلوم اسمبلی ہے، یہاں اسلام آباد کی مداخلت بڑھ گئی ہے جس کے بھیانک نتائج آسکتے ہیں۔ ہم چھوٹے لوگ ہیں بڑا گیم نہیں کھیلنا چاہئے۔ نو منتخب وزیر اعلیٰ حاجی گلبر خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ اللہ آپ کو صحت دیں، آپ جتنا بیمار ہیں اس سے کئی گنا زیادہ پاکستان کا معاشرہ بیمار ہے، آپ تو اس کے مقابلے میں گلو پہلوان ہیں۔ ترجمان پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں عوامی مینڈیٹ پر دن دیہاڑے ڈاکہ ڈالا گیا۔ آج جمہوریت اور ووٹ کی حرمت و توقیر سے متعلق سیاہ دن ہے۔

ای پیپر-دی نیشن