عالمی بنک نے پنجاب فیملی پلاننگ پروگرام کیلئے 10 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) عالمی بنک نے پنجاب فیملی پلاننگ پروگرام کے لیے 10 کروڑ ڈالر کی منظوری دے دی تاکہ ملک کی تقریباً نصف آبادی پر مشتمل صوبے میں خاندانی منصوبہ بندی کی سہولیات کا استعمال بڑھایا جاسکے۔ بنک کے بورڈ آف ایگزیکٹو ڈائریکٹرز کی جانب سے منظور شدہ قرض، خاندانی منصوبہ بندی کی معیاری خدمات تک مفت رسائی فراہم کرنے کے لیے پروگرام میں سہولت فراہم کرے گا۔ یہ پروگرام خاندانی منصوبہ بندی کی خدمات کی فراہمی کے نظام میں دیکھ بھال کے معیار کو ادارہ جاتی بنائے گا۔ ساتھ ہی عوامی معلومات اور مہم میں بھی معاونت کرے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ خاندانوں کو خاندانی منصوبہ بندی کے فوائد سے آگاہ کیا جا سکے۔ پاکستان کے لیے عالمی بنک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجی بنہیسن نے کہا کہ ’اس اہم پروگرام کا مقصد تولیدی صحت کی دیکھ بھال تک عالمگیر رسائی اور 2030ءتک پنجاب میں خاندانی منصوبہ بندی کے طریقوں کے استعمال کو 60 فیصد تک بڑھانا ہے‘۔ پنجاب 11 کروڑ نفوس کی آبادی پر مشتمل صوبہ ہے جو ملکی آبادی کے 53 فیصد کے برابر ہے۔ اس کے باوجود یہاں شرح پیدائش بلند اور مانع حمل کی شرح کم ہے۔
عالمی بنک قرض