ڈالر ایک روپیہ سستا‘ سونے کی قیمت 4 ہزار روپے تولہ بڑھ گئی
کراچی (کامرس رپورٹر) انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے پاکستانی روپیہ کی قدر بڑھ گئی۔ جمعرات کو انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں1.02روپے کی کمی واقع ہوئی جس سے ڈالر کی قدر 277.48 روپے سے کم ہو کر 276.46روپے ہو گئی۔ اسی طرح 1روپے کی کمی سے اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 280روپے سے کم ہو کر 279 روپے پر آ گئی۔ فاریکس رپورٹ کے گذشتہ روز یورو کی قدر میں 6روپے کا ریکارڈ اضافہ ہوا جس سے یورو کی قدر 304روپے سے بڑھ کر 310روپے ہو گئی۔ اسی طرح 5روپے کے اضافے سے برطانوی پونڈ کی قدر 358 روپے سے بڑھ کر 363روپے پر جا پہنچی۔ ملکی صرافہ مارکیٹوں میں ایک تولہ سونے کی قیمت میں 4ہزار روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے بعد ایک تولہ سونے کی قیمت 2لاکھ 8ہزار روپے ہو گئی۔ آل پاکستان سپریم کونسل جیولرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق 3429روپے کے اضافے سے دس گرام سونے کی قیمت 1لاکھ 78ہزار 326روپے پر جا پہنچی۔
ڈالر/ سونا