محرم الحرام میں قیام امن کیلئے بہاولپور میں عبدالخبیر آزاد کی زیرصدارت اجلاس
لاہور (خصوصی نامہ نگار) محرم الحرام میں امن و امان کے قیام کے سلسلہ میں وزیر اعلیٰ پنجاب ومحکمہ اوقاف پنجاب کی خصوصی ہدایت پر چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان سفیر امن مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد خطیب امام بادشاہی مسجد لاہور کی زیر قیادت اتحاد بین المسلمین کمیٹی پنجاب کا وفد جس میں مولانا پیر مسعود قاسم قاسمی، سردار محمد خان لغاری‘ مولانا عبدالستار نیازی، مولانا بلال نقشبندی‘ مولانا قاضی عبد الغفار قادری، مولانا یار محمد، مولانا غلام یٰسین صدیقی‘ مولانا فقیر حبیب الرحمن اختر‘ عبدالرزاق شائق‘ مولانا اشفاق پتافی، قاری مبشر رحیمی، مولانا عمار نذیر بلوچ، مولانا فاروق احمد، مولانا عبدالرئوف، مولانا شکیل احمد، خواجہ محمد ادریس، مولانا عبدالرؤف ربانی، مولانا ریاض اویسی، میاں اجمل عباس، صاحبزادہ سید عبد البصیر آزاد، حاجی غلام حسین چانڈیو، شیخ محمد سمیع اللہ قادری ودیگر ان کے ہمراہ تھے، بہاولپور سرکٹ ہائوس پہنچا۔ شاہ جہاں بینکوئیٹ ہال بہاولپور میں سفیر امن مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد کی زیر صدارت بہاولپور میں ڈویژنل سطح پر بھر پور اور کامیاب اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں کمشنر بہاولپور ڈاکٹر احتشام انور‘ نمائندہ آر پی او بہاولپور نوید ارشاد‘ اے سی جی محمد طیب، زونل ایڈمنسٹریٹر اوقاف غلام عباس عباسی، ڈائریکٹر انفارمیشن ڈاکٹر ناصر حمید، منیجر اوقاف بہاولپور ملک فیاض حیدر، منیجر اوقاف چشتیاں ضیاء الحق لاشاری، نوید بخاری تحصیل دار، زونل خطیب مولانا احمد، مولانا احمد صدیق عباس، اللہ بخش کلیار، مولانا صہیب، قاری محمد اقبال، اشرف کمال، علامہ خضر عباس کراروی، احسان اللہ راحت، عبدالعلیم اور تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنر صاحبان، ڈی پی او صاحبان، پولیس افسران، انتظامیہ اور تمام مکاتب فکر کے جید علماء کرام و مشائخ عظام و امن کمیٹیوں کے ممبران نے شرکت کی۔ سید محمد عبد الخبیر آزاد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے موقع پر امن کو قائم رکھنا تمام مکاتب فکر کے علماء اور پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ اسلام رواداری‘محبت اور امن کا پیغام دیتا ہے۔ ملک دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنا کر پاکستان کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اتحاد بین المسلمین اور ’’پیغام پاکستان کا فروغ‘‘ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ افواج پاکستان نے پاکستان کے دفاع اور سلامتی کو مضبوط اور ناقابل تسخیر بنایا دیا ہے۔ افواج پاکستان اور دیگر سکیورٹی اداروں کی قربانیاں رنگ لائیں گی۔ اسرائیل کی پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت سراسر زیادتی ہے اور جو قرارداد اسرائیل نے جنیوا میں پاکستان کے خلاف پیش کی جس میں ہم جنس پرستی اور پاکستان میں انسانی حقوق کی پامالی کے حوالے سے جو بات کی گئی آج کا یہ فورم اسرائیل کی اس قرارداد کی پر زور مذمت کرتا ہے۔