• news

قرآن پاک کی بے حرمتی کیخلاف احتجاج پر گرفتار 3 پی ٹی آئی رہنماؤں کی رہائی کا حکم

 اسلام آباد؍ لاہور (وقائع نگار+خبر نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان کی عدالت نے7 جولائی کو قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف احتجاج پر تھری ایم پی او کے تحت گرفتار پی ٹی آئی کے تین رہنمائوں کی رہائی کا حکم دے دیا۔ گذشتہ روز سماعت کے دوران تینوں رہنماؤں کی طرف سے وکیل بابر اعوان عدالت پیش ہوئے۔ فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے تھری ایم پی او کے تحت گرفتاری کا حکم کالعدم قرار دے دیا۔ جسٹس طارق محمود جہانگیری کی عدالت نے 9مئی واقعات پر درج مقدمہ میں سابق وفاقی وزراء شاہ محمود قریشی اور اسد عمر کی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری منظور کر لیں۔ گذشتہ روز سماعت کے دوران شاہ محمود قریشی کی طرف سے وکیل علی بخاری اور اسد عمر کی طرف سے شیر افضل مروت پیش ہوئے۔ گذشتہ روز سماعت کے دوران اسد قیصر اپنے وکیل شیر افضل مروت کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے۔ وکیل شیر افضل مروت نے ایف آئی آر کا متن پڑھا۔ عدالت نے فریقین کو دلائل دینے کی ہدایت کردی۔ فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے پانچ لاکھ روپے مالیتی مچلکوں کے عوض اسد قیصر کی ضمانت منظور کرنے کا حکم سنا دیا۔ لاہور انسداد دہشتگردی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے سانحہ 9 مئی کو قصور الہ آباد میں روڈ بلاک کرنے کے کیس میں 36 ملزمان کی عبوری ضمانت میں 12 اگست تک توسیع  کا حکم دے دیا۔ تھانہ شادمان نذر آتش کیس میں دو ملزمان منظر علی اور نوید کی بعد از گرفتاری درخواست ضمانت منظور کر لی۔ جج عبہر گل خان نے جناح ہاؤس  حملہ اور جلاؤ گھیراو کیس میں سیاسی رہنما روبینہ جمیل کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔ جبکہ سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کی خرابی صحت کی وجہ سے ان کی طلبی کیلئے پولیس کی درخواست مسترد کر دی۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے تھانہ شادمان پر حملہ کیلئے اکسانے کے کیس میں ڈاکٹر یاسمین راشد کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری پر تفتیشی سیمت فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔ 

ای پیپر-دی نیشن