جمنا کا پانی آنے سے دہلی ڈوب گئی، 3واٹر پلانٹ ، تعلیمی ادارے بند
نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ) بھارت میں شدید بارشوں کے باعث دریائے جمنا میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ نئی دہلی سے بھارتی میڈیا کے مطابق دریائے جمنا سے پانی کا ریلا نئی دہلی میں داخل ہو گیا جس کے بعد شہر کے تمام تعلیمی ادارے اتوار تک بند کردیئے گئے ہیں اور لوگوں کو گھروں سے کام کی ہدایت کی گئی ہے۔ بھارتی میڈیا کا مزید کہنا ہے کہ سڑکوں پر پانی آنے سے مختلف علاقوں میں شدید ٹریفک جام ہے۔ نئی دہلی کے لال قلعہ کے اطراف کی سڑکیں بھی پانی میں ڈوب گئیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق سیلابی صورتحال سے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ بند ہو گئے ہیں اور شہر میں پانی کی سپلائی متاثر ہوئی ہے۔ بھارت میں بارشوں سے گزشتہ روز دریائے جمنا میں پانی کی سطح 45 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔ دریں اثناء دارالحکومت نئی دہلی پانی پانی ہو گیا اور سڑکوں پر کشیاں چلنے لگیں۔ نشیبی علاقوں سے ہزاروں افراد محفوظ مقامات پر منتقل ہو گئے ہیں۔ دریائے جمنا میں پانی کی سطح بلند ہونے پر سیلابی ریلا رہائشی علاقوں میں داخل ہو گیا اور دارالحکومت تالاب کا منظر پیش کرنے لگا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق جمنا میں پانی کی سطح گزشتہ روز 208.62 میٹر تھی کیونکہ ہریانہ میں ہتھیلی کنڈ بیراج سے دریا میں پانی چھوڑا جا رہا ہے۔ پانی کی موجودہ سطح خطرے کے نشان سے تین میٹر اوپر ہے جس پر نئی دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کجریوال نے مرکز میں بی جے پی کی حکومت سے دریا میں پانی چھوڑنے پر احتجاج کرتے ہوئے دریا میں مزید پانی نہ چھوڑنے کا مطالبہ کیا ہے‘ تاہم مرکز میں بی جے پی کی حکومت نے جواب دیا کہ بیراج سے اضافی پانی نہ چھوڑا تو ڈیم ٹوٹ جائے گا۔ سیلابی پانی نئی دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کجریوال کے گھر اور اسمبلی ہال سے صرف 350 میٹر کی دوری پر ہے۔ بھارتی دارالحکومت میں معمولات زندگی ٹھپ ہو کر رہ گئے ہیں۔