چیئرمین واپڈا کا مہمند ڈیم کا دورہ، تعمیراتی سائٹس سیلاب سے محفوظ رکھنے کیلئے اقدامات کی ہدایت
لاہور (نیوز رپورٹر) چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی (ریٹائرڈ) نے گزشتہ روز مہمند ڈیم کی ڈائی ورشن سکیم سمیت تمام اہم سائٹس کا دورہ کیا۔ دریائے سوات کا رْخ موڑنے کے لئے مہمند ڈیم کی ڈائی ورشن سکیم آنے والے لو فلو سیزن (Low-flow Seasen) میں مکمل ہو گی۔ چیئرمین واپڈا نے پراجیکٹ انتظامیہ کو ہدایت کی کہ اْنہیں مقررہ ہدف کے مطابق لو فلو سیزن کے دوران ڈائی ورشن سکیم مکمل کرنے کے لئے اپنی کوششوں میں مزید تیزی لانا ہو گی۔ اْنہوں نے کنٹریکٹرکو ہدایت کی کہ وہ ہائی فلو سیزن میں ڈائی ورشن ٹنل سمیت دیگر اہم سائٹس کو محفوظ بنانے کے لئے تمام ضروری اقدامات عمل میں لائے تاکہ منصوبہ کی تعمیر کسی بھی ممکنہ سیلاب سے متاثر نہ ہو۔ اْنہوں نے کہا کہ مین ڈیم کی تعمیر کے لئے درکار Rock-fillمٹیریل کی دستیابی اور اسے ذخیرہ کرنے کی غرض سے کئے گئے اقدامات میں بھی تیزی لانے کی ضرورت ہے۔ مہمند ڈیم ایک کثیر المقاصد منصوبہ ہے، جسے واپڈا خیبرپی کے کے ضلع مہمند میں دریائے سوات پر تعمیر کر رہا ہے۔ زراعت کے لئے پانی کی فراہمی، سیلاب کے نقصانات سے بچاؤ، سستی اور ماحول دوست پن بجلی کی پیداوار اور پشاور شہر کو پینے کے پانی کی فراہمی اِس منصوبے کے مقاصد میں شامل ہیں۔ مہمند ڈیم کی تکمیل 2026-27 ء میں شیڈول ہے۔