لاہور سمیت مختلف شہروں میں ملازمین کا احتجاج جاری، دفاتر کی تالا بندی
لاہور‘مریدکے، فیروز والہ، راولپنڈی‘ وزیرآباد‘ گوجرانوالہ‘ صفدر آباد‘ حافظ آباد، سمبڑیال (لیڈی رپورٹر+ کامرس رپورٹر+ نامہ نگاران+ نمائندہ خصوصی+نمائندہ نوائے وقت) لاہور سمیت مختلف شہروں میں ملازمین کا احتجاج جاری۔ آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس پنجاب کے زیر اہتمام سول سیکرٹریٹ چوک میں چوتھے روز بھی جاری ہزاروں سرکاری ملازمین نے شدید حبس و تپتی دھوپ میں دھرنے میں شرکت کی۔ آگیگا قائدین چوہدری سرفراز، رحمان باجوہ، خالد جاوید سنگھیڑہ، ڈاکٹر طارق کلیم، ندیم اشرفی، ظفر علی خان، و دیگر نے کہا کہ ملازمین پر عزم اور پر امن ہیں۔ ہمارے کوئی سیاسی عزائم نہیں۔ ہم وفاق کے برابر تنخواہوں و پنشن میں اضافہ اور پنجاب حکومت کی طرف سے جاری کردہ لیو انکیشمنٹ کا غاصبانہ نوٹیفکیشن کی منسوخی چاہتے ہیں۔ وفاق و دیگر صوبوں میں پینشن 17.50 فیصد بڑھائی گئی جبکہ پنجاب میں پینشن صرف 5 فیصد یہ ظلم ہے بلکہ ملازمین و پینشنرز کو زندہ درگور کرنے کے مترادف ہے۔ جبکہ چیئرمین ایپکا راشد اقبال قریشی کی زیرصدارت محکمہ کوآپریٹوز ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے ملازمین کے دھرنے کو جوائن کیا اور مطالبات کی منظوری کیلئے نعرے بازی کی۔ راشد اقبال کا کہنا تھا کہ دوسرے صوبوں کی طرح تنخواہوں میں اضافہ صوبہ پنجاب کے ملازمین کا حق ہے جسے ہر صورت وزیراعلیٰ پنجاب کو منظور کرنا چاہئے۔ جبکہ راولپنڈی میں سرکاری ملازمین کا تنخواہیں نہ بڑھانے پر تیسرے روز بھی احتجاج جاری رہا۔ ملازمین نے دفاتر کی تالہ بندی کر کے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا اور مطالبات کے حق میں نعرے لگائے۔ گوجرانوالہ، سمبڑیال میں ملازمین نے سرکاری ملازمین کے مطالبات کا نہ پورے ہونے پر ہڑتال کی۔ وزیر آباد میں بھی بلدیہ ملازمین کا احتجاج جاری ہے۔ میونسپل کمیٹی صفدرآباد کے عملہ سمیت ریونیو عملے نے قلم چھوڑ ہڑتال کر دی۔ دفاتر کو تالے لگا دیئے۔ فیروز والا میں میونسپل ٹاؤن کمیٹی کے ملازمین نے چوتھے روز احتجاج جاری رکھا۔ مریدکے اور حافظ آباد میں بھی سرکاری ملازمین کا احتجاج جاری ہے۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق اساتذہ کا احتجاج شدت اختیار کر گیا۔ اساتذہ رہنماؤں نے مطالبات منظور نہ ہونے پر ریجن بھر میں بورڈ کے مارکنگ سنٹر بند کروا دیئے۔ ایجوکیشن دفاتر کی بھی تالہ بندی کر دی۔ نتائج میں تاخیر کا خدشہ پیدا ہو گیا۔ دوسری طرف محکمہ تعلیم کے دفاتر کی بھی تالہ بندی کر دی۔