لاکھوں فلسطینیوں کے حقوق پامال کرنےوالامجرم انسانی حقوق کادرس دے رہاہے:راغب نعیمی
لاہور(خصوصی نامہ نگار )دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹرراغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ اسرائیل کی پاکستان کےخلاف بیان بازی قابل مذمت ہے۔ لاکھوں فلسطینیوں کے حقوق پامال کرنےوالامجرم پاکستان کو انسانی حقوق کادرس دے رہاہے۔ ریاست کے خلاف کسی جماعت کے پرتشدد احتجاج پراسرائیل کی حمایت لمحہ فکریہ ہے۔ اسرائیل نے انسانی حقوق کے نام پر اقوام متحد ہ میں پاکستان کو بدنام کرنے کی مذموم کوشش کی ہے۔ محرم الحرام انتہائی عقیدت واحترام سے منایا جائیگا۔ علماءمعاشرے میں مذہبی رواداری کے فروغ کےلئے اپنا کردار ادا کریں۔ 16جولائی کو لاہور پریس کلب سے ایوان وزیراعلیٰ تک”ناموس صحابہؓ واہل بیتؓ “پرامن ریلی نکالی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحفظ ناموس رسالت محاذ کے رہنماﺅں سے ریلی کی تیاریوں کے سلسلہ میں علماءکرام کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علامہ ڈاکٹرراغب حسین نعیمی نے قرآن کریم کی بحرمتی اورمذہبی منافرت کےخلاف اقوام متحدہ میں پاکستان کی قراددار کی منظوری کاخیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ عالمی برادری ،اقوام متحدہ او آئی سی ایسے اقدامات کے خلاف سخت قانون سازی کریں تاکہ کوئی بھی شخص کسی مذہب کے مقدسات کی بے حرمتی کرنے جرات نہ کر سکے۔ اسلام دنیا کا واحد مذہب ہے جس کا پیغام سب کیلئے خیر خواہی ہے۔ قرآن مجید، فرقان حمید کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر ہم پوری دنیا کو امن کا گہوارہ بناسکتے ہیں۔