ملازمین کی وفاق ، تینوں صوبوں کی طرح تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے :اشرف چوہدری
لاہور(خصوصی نامہ نگار )مسلم لیگی رہنما،جنرل سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ لیبر ونگ پنجاب محمد اشرف چوہدری نے کہا ہے کہ سرکاری ملازمین کی وفاق اور تینوں صوبوں کی طرح تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے کیونکہ بڑھتی ہوئی ہوشربا مہنگائی سے مزدور ملازمین طبقہ متاثر ہوا ہے جس سے مزدور سخت پریشان ہیں۔ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ وفاق و دیگر صوبوں کی طرز پر کیا جائے اور پنجاب میں اضافہ میں کمی اور تفریق ختم کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ہاو¿س میں مسلم لیگ لیبرونگ کے عہدیداران و کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔محمد اشرف چوہدری نے کہا کہ ملازمین اپنے حقوق کیلئے سڑکوں پر سراپا احتجاج ہیں جس سے مسلم لیگ کی اتحادی حکومت پر منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں اس لیے وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف ا س مسئلہ پر فوری مداخلت کریں کیونکہ پنجاب میں 10لاکھ سے زائد سرکاری ملازمین ہیں جن سے لاکھوں فیملیاں وابستہ ہیں۔ پنجاب میں تنخواہوں میں وفاق اور دیگر صوبوں کی طرح اضافہ نہ کرنے کے باعث مسلم لیگ اور اتحادی حکومت پر چند ماہ بعد آنے والے انتخابات میں نقصانات کا اندیشہ ہے اس لیے اس مسئلہ کو فوری طور پر حل کرنے کیلئے وزیراعظم فوری مداخلت کریں اور ملازمین اور ان کا جائز حق دیا جائے۔