توہین قرآن واقعہ، عالمی برادری موثر اقدامات کرے:رضا ثاقب مصطفائی
گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی )عالمی مبلّغ اسلام پیرزادہ محمد رضا ثاقب مصطفائی ‘ادارة المصطفےٰ انٹرنیشنل کے نگران برائے بین الاقوامی امور محمد زبیر اشرفی اور مرکزی ترجمان حافظ محمد یعقوب فریدی نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں پاکستان کی جانب سے مذہبی منافرت پر مبنی واقعات کی روک تھام کیلئے پیش کی گئی قرارداد کی منظوری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ قرار داد کی منظوری سے بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ ملے گا ۔ مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ سویڈن میں حالیہ توہین قرآن کا واقعہ اور ماضی کے اندراسلام و دیگر مقدسات کیخلاف تسلسل کیساتھ ہونے والے واقعات کے سد باب کیلئے عالمی برادری کو موثر اقدامات کرنے کی اشد ضرورت ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعصب اور مذہبی منافرت پر مبنی ایسے واقعات تشدد کی آگ بھڑکانے اور نفرت کو پھیلانے کی مذموم کوشش ہے، اسلام اور مسلمانوں کیخلاف ایسی اشتعال انگیز کارروائیاں کسی صورت قابل قبول نہیں ۔