• news

ہائیکورٹ نے پرویز الٰہی کی نامعلوم مقدمات میں گرفتاری روک دی 


لاہور (خبرنگار) لاہور ہائیکورٹ نے پرویز الٰہی کو ریلیف دے دیا۔ جسٹس امجد رفیق نے چوہدری پرویز الٰہی کو نامعلوم کیسز میں گرفتار کرنے سے روک دیا۔ پرویز الٰہی کی درخواست پر مختصر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے انہوں نے درخواست منظور کرلی۔ عدالت نے نیب، ایف آئی اے کی انکوائریوں میں بھی گرفتاری سے روک دیا۔ عدالت نے تھانہ غالب مارکیٹ مقدمہ میں پرویز الٰہی کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔ عدالت نے چوہدری پرویز الٰہی کو متعلقہ عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایت کر دی۔ چوہدری پرویز الٰہی کی درخواست میں نامعلوم کیسز میں گرفتار کرنے سے روکنے کی استدعا کی تھی۔ انسداد رشوت ستانی کی خصوصی عدالت نے پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی بھرتیوں کے الزام میں درج مقدمے میںپرویز الہی کی رہائی کی روبکار پر عملدرآمد نہ کرنے پر ڈی آئی جی جیل خانہ جات کو طلب کر لیا۔ عدالت نے پرویز الہٰی کی رہائی کی روبکار پر عمل نہ کرنے اور اعتراض پر شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے ڈی آئی جی جیل خانہ کو 19 جولائی کو پیش ہونے کی ہدایت کردی۔ عدالت نے کہا کہ ڈی آئی جی کو علم ہونا چاہیے کہ سپرنٹنڈنٹ جیل نے احکامات کی خلاف ورزی کی۔ سپرنٹنڈنٹ جیل نے کہا کہ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کا سوچ بھی نہیں سکتا۔ خصوصی عدالت نے پنجاب اسمبلی میں جعلی بھرتیوں کے کیس میں پرویز الٰہی کے دس شریک ملزموں کی عبوری ضمانت میں چار اگست تک توسیع کر دی۔ تفتیشی افسر نے استدعا کی کہ تفتیش مکمل نہیں ہوئی مہلت دی جائے۔
پرویز الٰہی

ای پیپر-دی نیشن