ستلج میں سیلاب کم ، بلوچستان میں طوفان بادوباراں ، ندی نالے بپھر گئے ، بجلی معطل
لاہور کوہلو (نوائے وقت رپورٹ) پنجاب میں دریائے ستلج کے ملحقہ علاقوں میں سیلاب کی شدت کم ہو گئی۔ دوسری طرف بلوچستان میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ کوہلو اور کئی دیگر علاقوں میں شدید طوفان بادوباراں کے باعث ندی نالے بپھر گئے۔ نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں۔ تیز آندھی کی وجہ سے بجلی کھمبے گر گئے اور متعدد فیڈر ٹرپ کر گئے جس سے بجلی کی سپلائی معطل ہوکر رہ گئی۔ ادھر پی ڈی ایم اے اور محکہ موسمیات نے ملک بھر میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔ ادھر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل عمران قریشی کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ دریائے ستلج میں پانی کی سطح مزید کم ہوئی ہے اور سیلاب درمیانے درجے سے نچلے درجے پر آ گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے نے کہا کہ گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کی آمد 74 ہزار 600 اور اخراج بھی 74 ہزار 600 ہے\ پی ڈی ایم نے کہا کہ دریائے ستلج میں ہیڈ سیلمانکی کے مقام پر بھی نچلے درجے کا سیلاب ہے جہاں پانی کی آمد اور اخراج 58 ہزار 187 کیوسک ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ دریائے راوی، چناب اور جہلم میں پانی کے بہا¶ معمول کے مطابق ہے۔ پی ڈی ایم اے نے اگلے 24 گھنٹوں میں موسمی صورتحال کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ تمام بڑے دریا¶ں کے بالائی علاقوں میں موسلادھار بارشوں کے ساتھ ساتھ تیز سے درمیانی شدت کی بارش متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی کہ اسلام آباد، پشاور، کوہاٹ، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، لاہور، فیصل آباد، ملتان، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور میں بارش متوقع ہے۔ جبکہ شمال مشرقی بلوچستان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی کہ بجلی کی تاروں، کھمبوں اور برقی آلات کو چھونے سے گریز کریں۔ دریا¶ں اور نہروں میں نہانے سے پرہیز کریں۔ جبکہ نشیبی علاقوں یا دریا¶ں کے پاس رہائش پذیر افراد محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔ دوسری طرف محکمہ موسمیات نے آئندہ ہفتے سے سندھ میں مون سون کے نئے سسٹم کے اثرانداز ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 20 سے 22 جولائی کے درمیان مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ سندھ پر اثرانداز ہو سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی سمیت سندھ کے دیگر اضلاع میں بارشوں کا امکان ہے۔ بارشوں کا نیا سلسلہ خلیج بنگال سے پاکستان میں داخل ہوگا۔ کراچی میں بارشوں کی شدت کا اندازہ سسٹم کے قریب آنے پر ہوگا۔ خضدار‘ ژوب‘ لسبیلہ‘ آواران‘ موسیٰ خیل‘ ڈی جی خان‘ راجن پور‘ ملتان‘ بھکر‘ لیہ‘ کوٹ ادو‘ سکھر‘ جیکب آباد‘ نگر پارکر‘ تھرپارکر‘ عمر کوٹ‘ سانگھڑ اور میرپور خاص میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے ملک بھر میں بارشوں کی پیش گوئی کے بعد پی ڈی ایم اے نے بارشوں اور تیز ہواﺅں کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ ادھر بلوچستان میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ کوہلو میں گرج چمک اور تیز ہواﺅں کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی۔ بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔ ندی نالوں میں طغیانی پیدا ہو گئی۔ تیز ہواﺅں کے باعث ماوند فیڈر میں بجلی کے تین پول گر گئے جس سے بجلی کی سپلائی معطل ہو گئی۔
سیلاب/ بارشیں